ہم نے لوگوں کو روزگار دیا اور موجودہ حکومت نے 2 کروڑ لوگوں کو بے روزگار کیا، نواز شریف

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ لوگوں کو ہم نے روزگار دیا اور موجودہ حکومت نے 2 کروڑ لوگوں کو بے روزگار کیا۔

تفصیلات کے مطابق نواز شریف نے پی ڈی ایم جلسے سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ہر قومیت کے لوگ رہائش پزیر ہیں، پچھلے 3 سالوں میں پاکستان اور کراچی پر کیا گزری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2018 کے انتخابات میں دھاندلی کی صورت میں ایک سازش رچائی گئی، سازش کے تحت خوشحال پاکستان کو تباہ کیا، یہ سازش نہ ہوتی تو آج آپ کو آٹے اور چینی کے لیے قطاروں میں لگنا نہ پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ منتخب وزیر اعظم کو نکالنے کے لیے پنامہ جیسے ڈرامے رچائے گئے، میں اور مریم نواز ڈیڑھ سو سے زائد پیشیاں پر گئے، شہباز شریف کو قید میں دھکیلا گیا، پاکستان تنہا رہ گیا ہے، معاشرے میں انصاف نام کی چیز نہیں ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 22 کروڑ عوام میں 21 کروڑ غریب ہیں، چند لاکھ لوگ ہر جگہ قابض ہیں، سرکاری خزانوں سے مراعات لیتے ہیں، 21 کروڑ عوام کو پوچھنے والا کوئی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کبھی کبھی کہ یہ ملک ان جیسے طبقے کی عیاشی کے لیے بنایا گیا تھا، اے چند لاکھ لوگوں یہ ملک تمہارا ہے، باقی 21 کروڑ عوام تو خواہ مخواہ ہے اس میں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم کس سے پوچھ رہے ہیں کہ پاکستان ترقی کیوں نہیں کر رہا؟ کیا پی ڈی ایم کی جماعتوں کا ووٹ چوری نہیں کیا گیا؟ اب تو کسی کو شک نہیں ہونا چاہیئے۔

 سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے مزید کہا کہ اس ناچیز کو نکالا گیا جس نے 11 ہزار میگا واٹ بجلی کے پلانٹ لگائے، کراچی میں نوکلیئر پلانٹ لگائے، کراچی میں دہشتگردی کو ختم کر کے رونق بحال کی، دنیا میں پاکستان کی عزت بڑھ رہی تھی، مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں روپے کی قدر تھی، اب ڈالر ایک سو 65 سے تجاوز کرگیا ہے۔

The post ہم نے لوگوں کو روزگار دیا اور موجودہ حکومت نے 2 کروڑ لوگوں کو بے روزگار کیا، نواز شریف appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email