نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے ملک کی بے مثال خدمت کی، شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک کی بے مثال خدمت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہبازشریف نے رکن قومی اسمبلی اسد قیصر کی رہائش گاہ پر منعقدہ عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے معیشت کو سنوارا، تاریخی ترقیاتی منصوبے لگائے اور ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن) نے دہشت گردی کا خاتمہ کراچی سے بوری بند لاشوں، بھتے اور پرچی کا خاتمہ کرکے ملک کی معاشی شہہ رگ کو امن کا تحفہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اربوں ڈالرز کے منصوبے لگائے، قوم کے اربوں روپے بچائے اور آج 45 لاکھ کے پھول بوٹوں کے الزام لگائے جارہے ہیں، سی پیک اور پاکستان کے محدود وسائل سے جو منصوبے لگائے، اللہ کے کرم سے ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ ہوسکی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج خود احتسابی کی ضرورت ہے کہ پاکستان کیوں ہمسایہ ممالک سے بھی پیچھا رہ گیا ہے، خود احتسابی نہ کی تو 700 سال اور بھی گزر جائیں گے اور صورتحال جوں کی توں رہے گی۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف  نے کہا کہ آج بھی ہم اپنے ساتھ اور قوم سے وعدہ کریں تو ملک کی حالت بدل سکتے ہیں، ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے امانت، دیانت اور محنت کی راہ اپنانا ہوگی ورنہ آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں ہم نے 5000 میگاواٹ ایل این جی کی بنیاد پر 1200 میگاواٹ کے چار پلانٹ لگائے، پلانٹس میں دنیا کی جدید ترین مشینری لگائی، یہ سستے ترین اور دنیا کی تاریخ میں تیز ترین رفتار سے مکمل ہونے والے منصوبے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی فراہمی سے کاروبار چلا، لوگ برسر روزگار ہونا شروع ہوئے، برآمدات شروع ہوئیں، ہم ان مشکل ترین مسائل کا سامنا کرنے میں کامیاب ہوئے، یہ کوئی معمولی کامیابی نہ تھی، ہم نے دن رات کام کیا، ہم پہلے پاکستانی ہیں اور پھر ہماری دیگر شناختیں ہیں۔

 پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے  مزید کہا کہ پاکستان آگے چلے گا تو چاروں صوبے بھی آگے چلیں گے اور ترقی کریں گے، قائد اعظم اور ان کے ساتھیوں نے اس وطن کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں، ہمیں ان کے خوابوں کو تعبیر دینا ہے۔

The post نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے ملک کی بے مثال خدمت کی، شہباز شریف appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email