سندھ حکومت اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہی، فرخ حبیب

وزیرِ مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ سندھ  کی عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے، سندھ حکومت اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہی۔

تفصیلات کے مطابق فرخ حبیب نے بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وفاق نے 3 سالوں کے دوران سندھ حکومت کو 1900 ارب سے زائد دیئے، 650 ارب کا سندھ ٹرانسفرمیشن پلان اور 450 ارب کا سندھ رورل ترقیاتی پیکیج بھی وفاق نے سندھ کی عوام کے لئے دیا ہے۔

وزیرِ مملکت نے کہا کہ بلاول صاحب، شائد آپ کو معلوم نہیں ہے کہ سندھ پر گزشتہ  13 برسوں پر پیپلز پارٹی حکومت کر رہی ہے، سندھ میں گلیاں، نالیاں، سڑکیں پختہ کرنے، پینے کی پانی کی فراہمی، صحت کی سہولیات اگر وفاق نے ہی دینی ہے تو پھر پیپلز پارٹی کے پاس سندھ پر حکومت کا کیا جواز بنتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے اپنی 3 سالہ کارکردگی پیش کردی ہے، سندھ کی عوام پیپلز پارٹی سے 13 سالہ کارکردگی کا پوچھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرداری اور پھر بلاول کی کمال مہارت سے ملکی سطح کی پارٹی آج علاقائی پارٹی بن چکی ہے، پیپلز پارٹی حکومت اپنے 5  سالہ دورِ اقتدار میں کرپشن، منی لانڈرنگ، جعلی اکاؤنٹس میں مصروف رہی اسی لئے ان کے پاس عوام کو بتانے کے لئے کچھ نہیں ہے۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ان 3 سالوں میں آنے والی نسلوں کے لئے بے مثال کام کیے ہیں، حکومتی اقدامات کی بدولت روزگار کے بے پناہ مواقعے پیدا ہورہے ہیں۔

وزیرِ مملکت نے کہا کہ صرف 10 بڑے آبی ذخائر کے منصوبوں میں 7 لاکھ نوکریوں کے مواقعے پیدا ہونگے، پاکستان اسٹیل مل سمیت سرکاری اداروں کی تباہ کرنے کے ذمہ دار ن لیگ اور پیپلز پارٹی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں اپنی سیاسی دکان چمکانے کے لئے سرکاری اراضی پر قبضے کروائے جاتے رہے ہیں، بلاول بھٹو اندرونی سندھ کی عوام کو کب تک بے وقوف بناتے رہیں گے؟

وزیرِ مملکت نے کہا کہ پیپلز پارٹی کتنی مرتبہ اقتدار میں آئی لیکن روٹی، کپڑا مکان نعرے کی حد تک رکھا، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پی ٹی آئی حکومت نے احساس پروگرام کی چھتری تلے سماجی تحفظ کے 34 پروگرامات پسے ہوئے طبقات کے لئے شروع کیے۔

وزیرِ مملکت فرخ حبیب نے مزید کہا کہ آج تک جن کو چھت میسر نہیں تھی ان کے لئے کم آمدن ہاؤسنگ پروگرام شروع کیا گیا، نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے کامیاب جوان پروگرام کے تحت 22 ارب فراہم کیے گئے۔

The post سندھ حکومت اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہی، فرخ حبیب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email