گھر میں مزیدار پاپ کارن بنانے کا نہایت آسان طریقہ؟

پاپ کارن ایک ایسی ہلکی پھلکی غذا ہے جسے بچے بڑے سب ہی بہت شوق سے کھاتے ہیں ، پاپ کارن نہایت آسانی سے بن جاتے ہیں مگر بہت کم لوگ اس کی افادیت سے متعلق صحیح جانتے ہیں۔

پاپ کارن استعمال کی جانے والی ایک قدیم غذا ہے جس کے استعمال کے صحت پر بے شمار مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں اس میں وٹامنز، منرلز اور ڈائیٹری فائبر جیسے اہم غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں۔

اس کے علاوہ پاپ کارن میں پوٹاشیم، زنک، کاپر اور فاسفورس بھی اچھی مقدار میں موجود ہیں، اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور یہ غذا کیلوریز اور فیٹ میں کم ہونے کے ساتھ چینی اور سوڈیم کے بغیر ہوتی ہے۔

امریکن ڈائیبٹِک سوسائٹی کے مطابق پاپ کارن کا استعمال خطرناک خاموش بیماری ذیابطیس اور دل کے امراض سے تحفظ میں مدد فراہم کرتا ہے۔

پاپ کارن میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس دل سے متعلق امراض، بڑھتی عمر کے عوارض جیسے کہ ڈیمینشیا، الزائمر، نظر کی کمزوری، بالوں کا جھڑنا وغیرہ کے سدباب میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق پاپ کارن میں سبزیوں اور پھلوں سے زیادہ اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں اور ان کی زائد مقدار جسم میں دفاعی صلاحیت کو بڑھاتی ہے۔

پنیر پاپ کارن بنانے کے لئے ایک پین میں مکھن گرم کریں اور اس میں حسب ضرورت پاپ کارن بنا لیں، جیسے ہی پاپ کارن سب پھول جائیں انہیں چولہے سے نیچے اتار لیں، پاپ کارن تا حال گرم ہیں، ان میں جلدی سے کدو کش کی ہوئی ’چیڈر چیز ملائیں اور مزیدار صحت بخش پاپ کارن کا لطف اٹھائیں۔

اگر گھر میں مہمان آ رہے ہوں اور ساتھ میں فلم دیکھنے کا ارادہ ہے تو کیریمل مزیدار آپشن ہے، چینی، پانی، چھوٹی الائچی کی مدد سے شیرا بنائیں اور اس میں پاپ کارن کو پکا لیں۔

نمکین پاپ کارن کے لئے آدھا کپ پنیر، 2 چائے کے چمچ لیموں کا جوس، 3 چائے کے چمچ دار چینی کا پاؤڈر، 2 چائے کے چمچ اوری گانو اور آدھا چائے کا چمچ کالی مرچ لے لیں۔

پاپ کارن کو مکھن لگا کر ان سب اجزاء میں شامل کر لیں اور اوون میں پکا لیں ۔

پٹاخا پاپ کارن کے لئے ایک چائے کا چمچ مکھن ، ایک چائے کا چمچ مسٹرڈ پاؤڈر، نمک حسب ضرورت اب ایک فرائینگ پین میں مکھن گرم کر کے اس میں پاپ کارن شامل کر لیں، پاپ کارنز کے پکنے کے بعد اب اسے چولہے سے اتارتے ہی سب اجزاء شامل کر کے اچھی طرح سے مکس کر لیں، مزیدار پٹاخا پاپ کارن تیار ہیں۔

اگر لیمن پیپر پاپ کارن بنانے ہیں تو ایک کھانے کا چمچ لیموں کا چھلکا ، ایک چائے کا چمچ آم چور پاؤڈر، ایک چائے کا چمچ لیموں کا رس لے لیں ،حسب ضرورت پاپ کارن اوون میں پکائیں اور باہر نکال لیں اب پاپ کارن کو ایک پیالے میں ڈالیں اور سب اجزاء شامل کر لیں اور اچھی طرح سے مکس کر کے نوش فرمائیں۔

The post گھر میں مزیدار پاپ کارن بنانے کا نہایت آسان طریقہ؟ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email