جان لیوا حادثات انسانی غفلت کا نتیجہ ہوتے ہیں، مرتضیٰ وہاب

ایڈمنسٹریٹر کراچی اور ترجمان حکومت سندھ و مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ جان لیوا حادثات انسانی غفلت کا نتیجہ ہوتے ہیں جس سے بچا جاسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سلیم رضا کھوڑو، ڈی جی کے ڈی اے آصف میمن، میونسپل کمشنر افضل زیدی، چیف فائر آفیسر کے ایم سی اور لیبر ڈپارٹمنٹ کے نمائندوں سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ایسے کارخانوں اور فیکٹریوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے جہاں آگ سے بچنے کے حفاظتی اقدامات نہیں ہیں۔

        مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ڈی جی سندھ مہران ٹاؤن کورنگی کے ایسے پلاٹوں کی لسٹ فراہم کرے جو رہائشی ہونے کے باوجود صنعتی مقاصد کے لئے استعمال ہورہے ہیں، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی اجازت کے بغیر پلاٹوں کے کمرشل استعمال کی مکمل کارروائی کی جائے گی۔

         ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں انسپکشن کمیٹی بنائیں گے جس میں متعلقہ محکموں کے نمائندے شامل ہوں گے جو اس حوالے سے مکمل رپورٹ تیار کریں گے۔

        انہوں نے کہا کہ انسپکشن کمیٹی انڈسٹریل زون کا دورہ کرکے اس بات کو یقینی بنائیں کہ فیکٹریوں اور کارخانوں میں فائر سیفٹی پر مکمل عملدرآمد کیا گیا ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی اور ترجمان حکومت سندھ و مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ نا گہانی حادثات سے بچاؤ کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں۔

The post جان لیوا حادثات انسانی غفلت کا نتیجہ ہوتے ہیں، مرتضیٰ وہاب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email