جب تک عمران خان کی حکومت ہے ریاست مدینہ کی طرز پر ہی ملک چلے گا، شہباز گل

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ جب تک عمران خان کی حکومت ہے ریاست مدینہ کی طرز پر ہی ملک چلے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ ہمارے آخری نبیﷺ نے بنائی جس کا سب سے بڑا مقصد تھا عام آدمی کو کیسے ریلیف دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں عمران خان کی حکومت نے ریاست مدینہ کی بات کی ہے اور کچھ سیاسی لوگوں نے اس بات کا مزاق بھی اڑایا ہے۔

شہباز گل نے کہا کہ پچھلی حکومت نے کیا کچھ کیا تھا سب کو پتہ ہے، ایک شخص جو سڑک پر سویا ہے اس کے پاس کھانے کو کچھ نہیں، ایسے غریب آدمی کو رزق پہنچانا عمران خان کا خواب تھا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ نواز شریف خاندان سمیت باہر ہیں، نواز شریف نے سرکاری خرچ پر لندن کے دورے کیے، آصف زرداری اور نواز شریف نے اربوں روپے دوروں پر خرچ کیے، آصف زرداری خاندان سمیت دبئی میں ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 3 سال میں بہترین کام کیے اور آگے بھی جاری رکھیں گے، ہم نے ترقیاتی کاموں پر توجہ مرکوز رکھنی ہے، عمران خان نے پناہ گاہ اور غریب کی بھوک کا سوچا، کنسٹرکشن سیکٹر میں لاکھوں نوکریاں آئیں، غریب آدمی بس 2 وقت کی روٹی چاہتا ہے۔

شہباز گل نے کہا کہ راجہ ریاض ہماری پارٹی کے سینئر رہنما ہیں، لیکن اس حلقے کے لوگوں نے راجہ ریاض کو نہیں عمران خان کو ووٹ دیئے ہیں، جو لوگ کہتے ہیں حلقے میں فنڈ ہم لگا رہے ہیں وہ عمران خان لگا رہا ہے یہ نہیں لگا رہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے مزید کہا کہ آج کل باجی سائلنٹ موڈ میں ہے، جس بندے نے پی ٹی آئی ٹکٹ پر الیکشن لڑا ہے وہ عمران خان کا ثواب دید ہے، عمران خان کہیں گے تو الیکشن میں حصہ لوں گا، جو لوگ کہتے ہیں مہنگائی بہت ہے وہ دیکھیں پوری دنیا میں مہنگائی ہورہی ہے۔

The post جب تک عمران خان کی حکومت ہے ریاست مدینہ کی طرز پر ہی ملک چلے گا، شہباز گل appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email