تعلیمی ادارے قوم کی تقدیر کی تشکیل میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں ، صدر مملکت

؎صدر مملکت  ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے قوم کی تقدیر کی تشکیل میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت  ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت انسداد منشیات اور خصوصی افراد کی فلاح کیلئے وائس چانسلر ز کمیٹی کا اجلاس ہوا  ہے۔

اجلاس  میں صدر مملکت  ڈاکٹر عارف علوی کو بریفنگ  دیتے ہوئے کہا گیا کہ منشیات اور تمباکو کے غلط استعمال کی پالیسی کو صدر پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں حتمی شکل دی گئی ، ایچ ای سی نے  28 جولائی 2021 کو پالیسی کی منظوری دی۔

بریفنگ  دیتے ہوئے  کہا گیا کہ وزارت انسداد منشیات نے منشیات کے استعمال کی روک تھام ، علاج بارے معلومات فراہم  کرنے کیلئے موبائل ایپ ’’ زندگی ‘‘ تیار کی ہے ۔

بریفنگ  دیتے ہوئے یہ بھی کہا گیا کہ قائداعظم یونیورسٹی اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات اور جرائم کے ساتھ مل کر مشیروں اور ماہر نفسیات کو تربیت دے گی۔

بریفنگ  دیتے ہوئے  مزید کہا گیا کہ خصوصی طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے لیے ٹیوشن فیس ، ہاسٹل فیس اور یوٹیلیٹی بل کی چھوٹ دی جائے گی ، خصوصی طلباء کو تعلیمی ، تکنیکی اداروں اور یونیورسٹیوں میں داخلہ لینے کے لیے 10 سال تک عمر میں نرمی فراہم کی جائے گی۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صدر مملکت  ڈاکٹر عارف علوی  نے کہا کہ ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کو منشیات اور تمباکو کے استعمال سے پاک بنانے کی ضرورت ہے جبکہ انسداد منشیات اور تمباکو پالیسی اور بہبود خصوصی طلباء پالیسیوں کو جلد از جلد نافذ کرنے کی ضرورت ہے ۔

صدر مملکت  ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ تعلیمی ادارے قوم کی تقدیر کی تشکیل میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں، یونیورسٹیوں کی انتظامیہ متعلقہ اداروں میں منشیات کی روک تھام پر توجہ دیں۔

The post تعلیمی ادارے قوم کی تقدیر کی تشکیل میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں ، صدر مملکت appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email