پاکستان، ایران کے ساتھ دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، ایران کے ساتھ دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی تہران میں وزارتِ خارجہ آمد ہوئی جہاں ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزارتِ خارجہ کا منصب سنبھالنے پر ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان کو مبارکباد دی۔

شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ پاکستان، ایران کے ساتھ دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ۔ پاکستان اور ایران کے مابین تجارتی مراسم بڑھانے کیلئے، ادارہ جاتی میکنزم کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ  اپریل 2021 میں میرے گذشتہ دورہ ء ایران کے دوران، پاکستان اور ایران کے مابین بارڈر مارکیٹوں کے قیام اور نئے بارڈر کراسنگ پوائنٹ کھولنے کے حوالے سے اہم مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط ہوئے، ان معاہدوں پر عملدرآمد سے دونوں ممالک کے مابین نہ صرف تجارت کو فروغ ملے گا بلکہ آمدو رفت میں بھی سہولت پیدا ہو گی۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ مسئلہ کشمیر پر ایران کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے پاکستان کے موقف کی مستقل اور غیر مشروط حمایت قابلِ تحسین ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے مزید کہا کہ افغانستان کے امن، استحکام اور جامع سیاسی تصفیے کیلئے مربوط علاقائی لائحہ عمل کی تشکیل انتہائی اہمیت کی حامل ہے، افغانستان میں امن کی بحالی،  معاشی انضمام، علاقائی و عوامی سطح پر روابط کے فروغ میں معاون ثابت ہو گی۔

ملاقات میں  ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان نے افغانستان کی صورتحال کے تناظر میں، مربوط علاقائی لائحہ ء عمل کی تشکیل کیلئے وزیر خارجہ کی عملی کاوشوں کو سراہا۔

 ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ ایران، پاکستان کے ساتھ دو طرفہ برادرانہ تعلقات کے فروغ کی پالیسی پر کاربند ہے

وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق ،ایران میں تعینات پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی اور دیگر سینئر افسران بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے۔

The post پاکستان، ایران کے ساتھ دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ، وزیر خارجہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email