مستحکم افغانستان، پاکستان سمیت پورے خطے کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے، شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان، پاکستان سمیت پورے خطے کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دو طرفہ تعلقات ،افغانستان کی موجودہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں ضرورت اس امر کی ہے کہ افغان باشندوں کی سیکورٹی اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے ، پاکستان، افغانستان میں ایک جامع سیاسی تصفیے کا حامی ہے ، ہمیں توقع ہے کہ کابل میں جاری مذاکرات، ایک وسیع البنیاد اور اجتماعیت کی حامل حکومت کی راہ ہموار کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس اہم موڑ پر، ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی برادری، انسانی بنیادوں پر، افغانوں کی معاشی معاونت کیلئے قدم اٹھائیں ، پاکستان، کابل سے واپسی کے منتظر، مختلف ممالک کے سفارتی عملے، بین الاقوامی اداروں کے ورکرز اور میڈیا نمائندگان کو انخلاء میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔

اس کے علاوہ دونوں وزرائے خارجہ نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے حالیہ دورہ ء ترکی کو سراہتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات کے استحکام میں معاون قرار دیا۔

The post مستحکم افغانستان، پاکستان سمیت پورے خطے کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے، شاہ محمود قریشی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email