پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے، شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثمین کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ افغان رہنما اپنے باہمی اختلافات کے خاتمے اور جامع سیاسی تصفیے کیلئے جاری مذاکرات سے فائدہ اٹھائیں گے ، کابل میں جاری مذاکرات کی کامیابی نہ صرف افغانستان بلکہ پورے خطے کیلئے بہتری کا باعث ہو گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ افغان شہریوں کی سیکورٹی اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان کی بحالی ، تعمیر نو اور معاشی معاونت کی فراہمی کیلئے اپنا کردار ادا کریں ، مسلم امہ پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کیلئے ان کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کریں ، کابل میں ایک ایسی وسیع البنیاد حکومت کے خواہاں ہیں۔

وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل او آئی سی کو افغانستان کے اندر اور باہر کچھ امن مخالف قوتوں (اسپائیلرز) کی موجودگی کے خطرے سے آگاہ کیا ، کابل میں واپسی کے منتظر مختلف ممالک کے سفارتی عملے، بین الاقوامی اداروں کے ورکرز اور میڈیا نمائندگان کے انخلاء کیلئے پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ معاونت سے بھی آگاہ کیا۔

سیکرٹری جنرل او آئی سی ڈاکٹر یوسف العثمین نے وزیر خارجہ کو کل 22 اگست کو جدہ میں افغانستان کے حوالے سے منعقد ہونیوالے او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے آگاہ کیا۔

The post پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے، شاہ محمود قریشی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email