کسی بھی قیمت پر افغانستان کو عالمی دہشت گرد تنظیموں کا مرکز نہیں بننے دیا جائے گا، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کسی بھی قیمت پر افغانستان کو عالمی دہشت گرد تنظیموں کا مرکز نہیں بننے دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹی آر ٹی ورلڈ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا  کہ ہم افغانستان میں ایک ایسی حکومت تشکیل دینا چاہتے ہیں جس پر تمام گروپوں کا اتفاق ہو،  جب ٹی ٹی پی کو ہندوستان سے فنڈز ہی نہیں ملیں گے تو ان کی کمر ویسے ہی ٹوٹ جائے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغانستان کے اندر فیصلہ سازی کا اختیار افغانستان کے لوگوں کا حق ہے۔ ہم چین، ترکی، امریکہ برطانیہ سمیت تمام علاقائی ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں، خطے کے ممالک افغانستان میں امن و استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

 فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے مثبت صورتحال تشکیل دینے کی کوشش کی، ہم نے طالبان اور امریکہ کو مذاکرات پر آمادہ کیا، ہم ایک ایسی حکمت عملی اختیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ افغانستان کو استحکام کی جانب لے جایا جا سکے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کابل کی حکومت کے ساتھ بھی طالبان کے مذاکرات کروانے کی کوشش کی لیکن بدقسمتی سے اشرف غنی کا رویہ درست نہیں تھا، ہمارا طالبان پر کنٹرول نہیں ہے اور نہ ہی ہمارے پاس طالبان کے حوالے سے فیصلہ کرنے کا کوئی اختیار ہے۔

فواد چوہدری  کا یہ بھی کہنا تھا کہ افغانستان کے حوالے سے ہماری بنیادی شرط ہے کہ افغانستان کی سرزمین کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور کسی بھی قیمت پر افغانستان کو عالمی دہشت گرد تنظیموں کا مرکز نہیں بننے دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ افغان طالبان کے ترجمان کی جانب سے یہ بیان کہ افغانستان کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

The post کسی بھی قیمت پر افغانستان کو عالمی دہشت گرد تنظیموں کا مرکز نہیں بننے دیا جائے گا، فواد چوہدری appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email