دنیا کا سب سے بڑا چشمہ ،جس کا بہاؤ ہر 15 منٹ بعد بند ہوجاتا ہے

دنیا میں قدرت کے کئی پراسرار عجوبے موجود ہیں جن میں یوٹاہ کا ایک قدرتی جشمہ بھی ہے جو 15 منٹ تک بہنے کے بعد مزید 15 منٹ کے لئے رک جاتا ہے گویا یہ سلسلہ چلتا رہتا ہے۔

یہ آبشار نما چشمہ وائیومنگ کے ایفٹن ٹاؤن کے مشرق میں واقع ہے جسے سانس لیتی آبشار یا دورانیے والا چشمہ بھی کہا جاتا ہے۔

 اگرچہ اس طرح کے بعض چشمے دنیا کے دیگر مقامات پر بھی موجود ہیں لیکن سوئفٹ کریک نامی گھاٹی میں واقع یہ دنیا کا سب سے بڑا چشمہ بھی ہے۔

خشکی کے وقت اس سے ایک قطرہ بھی نہیں بہتا اور جب 15 منٹ بعد پانی کی بوچھاڑ شروع ہوتی ہے تو کوئی اس کے سامنے کھڑا نہیں ہوپاتا۔

 اس حیرت انگیزعجوبے کی مکمل وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم ماہرینِ ارضیات نے اس کی سائنسی وجہ ضرور بیان کی ہے جو قابلِ فہم بھی معلوم ہوتی ہے

سائنسدانوں کے مطابق چشمے کی وجہ سائفن افیکٹ ہے، سائفن اس ایجاد کو کہتے ہیں کہ جس میں اوپر رکھے برتن پر ربڑ کی نلکی لگا کر اس کا دوسرا سرا نیچے کی جانب کیا جاتا ہے اور اس طرح ہوا کے دباؤ کی وجہ سے پانی نیچے کی جانب بہنا شروع ہوجاتا ہے۔

عین اسی اصول پر یہ جھرنا بھی کام کرتا ہے اس کے دہانے سے گرنے والا پانی ایک تنگ راستے سے ہوتا ہوا اوپر آتا ہے اور اس کے نیچے سائفن کی طرح ایک ٹنکی نما ساخت موجود ہے جس میں پانی ایک خاص سطح تک آنے کے بعد چھلک کر تنگ راستے میں جاتا ہے اور وہاں سے باہر بہنے لگتا ہے۔ اس کے بعد جب پانی کی مقدار ختم ہوجاتی ہے تو چشمے کا بہاؤ رک جاتا ہے اور اسے دوبارہ پھرنے میں 15 منٹ لگتے ہیں۔

یونیورسٹی آف یوٹاہ سے وابستہ ماہرِ آب پروفیسر کِپ سولومن کہتے ہیں کہ ہم نے پانی کا جائزہ لیا تو اس میں گیس کے آثار ملے جس سے انکشاف ہوتا ہے کہ زیرِ زمین گیس سے پانی سائفن کی طرح اوپر آتا ہے اور جمع ہونے پر بہنے لگتا ہے ، پانی ختم ہونے پر دھیرے دھیرے گیس جمع ہوتی ہے اور دوبارہ زیرِ زمین پانی اوپر آتا ہے اور بہاؤ کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔

واضح رہے کہ چشمے کے کھلنے اور بند ہونے کا سلسلہ موسمِ گرما کے آخر سے موسمِ خزاں تک جاری رہتا ہے، سال کے بقیہ عرصے میں پانی کی سطح کم رہتی ہے اور بہاؤ رک جاتا ہے۔

The post دنیا کا سب سے بڑا چشمہ ،جس کا بہاؤ ہر 15 منٹ بعد بند ہوجاتا ہے appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email