ملک میں ذمہ دارانہ صحافت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیر اعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں ذمہ دارانہ صحافت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان  کی زیر صدارت افغانستان میں موجود  غیر ملکی صحافیوں کے انخلا ء کے حوالے سے  کیے جانے والے اقدامات پراجلاس ہوا ۔

اجلاس میں  غیر ملکی صحافیوں کی پاکستان آمد اور ان کو ویزہ سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ میڈیا کے حوالے سے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے وزیرِ اعظم کو افغانستان میں موجود صحافیوں کے انخلاء کے حوالے سے وزارتِ اطلاعات کے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔

وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نےکہا کہ افغانستان کی صورتحال کے پیش نظر صحافیوں کی سہولت کے لئے وزارتِ اطلاعات میں خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے، موصول شدہ درخواستوں پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

وزیرِ اعظم نے  اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بین الاقوامی صحافی برا دری کی سہولت کی خاطر وزارت اطلاعات خصوصی ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ  کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ملک میں مکمل طور پرغیر جانب دار،  آزاد اور ذمہ دارانہ صحافت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اجلاس میں  وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری ، وزیرِ مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب، سیکرٹری اطلاعات و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔

The post ملک میں ذمہ دارانہ صحافت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیر اعظم appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email