صدر مملکت کی زیر صدارت انجمن ہلال احمر پاکستان کی منیجنگ باڈی کا اجلاس

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت انجمن ہلال احمر پاکستان کی منیجنگ باڈی کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین ہلال احمر ابرار الحق نے اجلاس کو حادثات اور آفات کے دوران انسانیت کی خدمت میں ہلال احمر کے کردار کے بارے میں بریفنگ دی۔

اجلاس میں قدرتی آفات کے متاثرین کو فوری مدد کی فراہمی کے لیے تنظیم کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئی۔

اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قدرتی آفات کے متاثرین کی مؤثر طریقے سے مدد، بیماریوں کی روک تھام کے لیے ایک مربوط نیٹ ورک تیار کرنے کی ضرورت ہے جبکہ طلباء کو اسکولوں اور کالجوں میں حادثات اور قدرتی آفات کے دوران ابتدائی طبی امداد دینے کی تربیت فراہم کرنے کی  بھی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے  کہا کہ ابتدائی طبی امداد کی بروقت فراہمی 59 فیصد جانیں بچانے میں مدد دے سکتی ہے۔ ہلال احمر، این ڈی ایم اے، شعبہ صحت اور دیگر سرکاری اداروں کے درمیان بہتر روابط قائم کرنے کی ضرورت ہے۔

 صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید  کہا کہ ہلال احمر ضرورت مندوں کیلئےخون کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے خون کے عطیہ مہم کی قیادت کرے جبکہ ہلال احمر ملک کے نوجوانوں کی ترقی کے لیے کامیاب جوان پروگرام کے ساتھ تعاون بھی  قائم کرے۔

The post صدر مملکت کی زیر صدارت انجمن ہلال احمر پاکستان کی منیجنگ باڈی کا اجلاس appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email