ہمارے محنتی جوان ہمارا فخر اور سرمایہ ہیں،آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہمارے محنتی جوان ہمارا فخر اور سرمایہ ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے  پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کا دورہ کیا ۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف  فورتھ پاکستان بٹالین کو بٹالین پرچم عطا کرنے کی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔

آرمی چیف نے کہا کہ آج کا دِن پاکستان ملٹری اکیڈمی جیسے عظیم ادارے کی تعمیر و ترقی اور ارتقاء میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ فورتھ پاکستان بٹالین نے5سال قبل قیام سے اب تک شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔

 جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کا شمار دُنیا کے بہترین اداروں میں ہوتا ہے، آپ کا وطن کیلئے اپنے آپ کو وقف کرنے کا عہد، پاکستان دُشمنوں کے دِلوں میں خوف کی علامت ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا  کہ  اگست کا مہینہ ہمیں آزادی کیلئے اپنے آباؤ اجداد کی لازوال قربانیوں اور تاریخی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔ ہمارے محنتی جوان ہمارا فخر اور سرمایہ ہیں، تمام تر مشکلات کے باجود آج کا پاکستان اقوامِ عالم میں مضبوط اور ترقی کرتا ہوا پاکستان ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ  کا یہ بھی کہنا تھا کہ دُنیا کی کوئی طاقت ایک متحد قوم کو کسی قسم کی گزند نہیں پہنچا سکتی، زندگی کے تمام چیلنجز میں ایمان،  اتحاد  اور  نظم کے راہنما اُصول آپ کیلئے مشعل راہ ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ آزادی کے بعد تما م تر معاشی اور دیگر مشکلات کے باوجود پاکستان نے نہ صرف اُن کا مقابلہ کیا بلکہ ہر چیلنج کے بعد ہم مزید مضبوط بن کر اُبھرے۔ ہم نے دہشت گردی پر قابو پا کر وطن کی سرحدوں کا بھرپور دِفاع کیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بھی کہا کہ حال ہی میں کووڈ اور لوکسٹ کے خلاف محدود وسائل اور انفراسٹرکچر نہ ہونے کے باوجود پاکستان نے بحیثیت قوم جس نظم و ضبط، یگانگت اور بہترین حکمت عملی کا مظاہر ہ کیا، دُنیا اُس کی معترف ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا  کہ روایتی جنگ ہو یا دہشت گردی کے خلاف رسپانس،  ایمرجنسی صورتحال ہو یا قدرتی آفات،  افواجِ پاکستان ہمیشہ قوم کے اعتماد پر پورا اُتریں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ  کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان قومی اور علاقائی امن اور ترقی کا خواہاں ہے۔ افغانستان امن عمل میں پاکستان کی مخلصانہ کوششیں، ایک ایسے خطے کے قیام کیلئے ہیں، جو     پُرامن، خوشحال اور معاشی شراکت دار ہو۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہم نے مسلسل عالمی برادری پر واضح کیا ہے کہ وہ افغانستان کے پُرامن حل کیلئے کردار ادا کرے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں بدامنی کی بھاری قیمت ادا کی ہے۔ اپنی معاشی مشکلات کے باوجود پاکستان نے4دہائیوں سے30لاکھ سے زیادہ افغانیوں کو پناہ دی۔

آرمی چیف کا کہنا تھا  کہ پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنانے کی کوششوں پر خاموش نہیں رہ سکتے، یہ سازشیں کرنے والے وہی ہیں جو علاقائی امن میں رکاوٹ ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ  کا یہ بھی کہنا تھا کہ افغانستان میں امن خطے اور بالخصوص افغانستان کے لوگوں کیلئے اشد ضروری ہے، ہم افغانستان میں امن اور استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہم توقع رکھتے ہیں کہ طالبان خواتین اور انسانی حقوق کے عالمی برادری سے کئے گئے وعدے پورے کریں گے اور افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہو گی۔

 جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بھی کہا کہ آزادی کے اس مہینے میں ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو نہیں بھول سکتے، مقبوضہ کشمیر کے لوگ بدترین ریاستی دہشت گردی اور استحصال کا شکار ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا  کہ میں یقین دلاتا ہوں پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ہم ہمیشہ کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ  کا یہ بھی کہنا تھا کہ بین الاقوامی کمیونٹی کو اس بات کا ادراک ہونا چاہیے کہ کشمیر کے پُرامن منصفانہ حل تک علاقائی امن ایک سراب ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ ایک آزاد اور پُرامن خطے کا تصور ہمارے ہمسائے میں انتہا پسندی اور گروہی تقسیم کی سوچ کے ہاتھوں میں یرغمال ہے، مستقبل میں آپ کو کئی چیلنجز کا سامنا رہے گا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بھی کہا کہ جنگ کی نوعیت مسلسل بدل رہی ہے، دُشمن قوتیں ہائبرڈ وار کے ذریعے ہمارے معاشرے اور ریاست کو کمزور کرنے کے درپے ہیں۔ پاکستان آرمی ان تمام چیلنجز سے آگاہ ہے اور نبرد آزما ہونے کیلئے تیار ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ مضبوط افواج ہی دِفاع وطن کی ضمانت ہیں، ٹیکنالوجی اور مخصوص صلاحیتوں پر توجہ دے کر وطن کے دِفاع کو یقینی بنائیں گے۔

The post ہمارے محنتی جوان ہمارا فخر اور سرمایہ ہیں،آرمی چیف appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email