نئے پاکستان کے دعویداروں نے عوام کو کنگال اورمقروض کردیا ہے ، شہبازشریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا ہے کہ نئے پاکستان کے دعویداروں نے عوام کو کنگال اورمقروض کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پی ٹی آئی حکومت کے تین سال کو عوامی استحصال کے بدترین سال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام آج تین سال پہلے کے پاکستان کو حسرت سے یاد کررہے ہیں، نوازشریف دور کی 5.8 فیصد کی ترقی، 3 فیصد مہنگائی، 35 روپے آٹا، 52 روپے کلو چینی عوام کو یاد آرہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے معیشت کو پیروں پر کھڑا کیا تھا ، سی پیک ، روزگار، کاروبار دیا تھا، نوازشریف نے قوم کو بجلی، گیس کے اندھیروں سے نکالا تھا، تین سال میں یہ تبدیلی آئی کہ پاکستان کو دنیا کا مہنگا ترین ملک بنادیا گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے تین سال منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں اور مافیاز کے لئے کھاو پیو مزے اڑاو کے سال ثابت ہوئے ہیں، تبدیلی کے تین سال غریب عوام کے لئے ظلم کی تین صدیاں بن گئے ہیں، مہنگائی نے ان کا زندگی کا سکھ چین چھین لیا ہے، تین سال میں عوام کو صرف مہنگائی، کرپشن اور مایوسی ملی ہے۔

انھوں نے کہا ہے کہ تین سال میں ملک اور عوام کی قسمت کھوٹی کردی گئی ہے مزدور، ریڑھی والے سے لے کر صنعتکار تک سب ہاتھ مل رہے ہیں، مہنگائی نے عوام کو کچل کررکھ دیا ہے، ٹیکسوں کی بھرمار نے کاروبار کی جان نکال دی ہے، آٹے، گندم، چینی کی برآمد اور درآمد سے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا ہے، پٹرول، بجلی، گیس، دوائی، سبزی، خوردنی تیل گھی تک ہر چیز مہنگی اور عوام کی پہنچ سے باہر ہوگئی ہے۔

 پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے مزید کہا ہے کہ نئے پاکستان کے دعویداروں نے عوام کو کنگال اورمقروض کردیا ہے، ملک بے روزگاری تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، عالمی دنیا نے پاکستان کو کرپشن ، بدعنوانی اور رشوت ستانی میں ترقی کا سرٹیفیکیٹ دیا ہے۔

The post نئے پاکستان کے دعویداروں نے عوام کو کنگال اورمقروض کردیا ہے ، شہبازشریف appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email