پرامن افغانستان پاکستان کے خطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پرامن افغانستان پاکستان کے خطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی  سے ٹیلیفونک رابطے میں افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک پرامن اور مستحکم افغانستان، پاکستان اور خطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان نے افغان میں امن قائم ہونے کی پرعزم حمایت کی ہے، پاکستان اور چین نے” ٹرائیکا پلس “کا حصہ ہوتے ہوئے امن کی کاوشوں کو آگے بڑھانے میں گرانقدر معاونت فراہم کی ہے۔

انھوں نے ٹیلیفونک رابطے میں کہا ہے کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال میں نہایت ضروری ہے کہ افغان عوام اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے، عالمی برادری کی جانب سے افغان عوام کی حمایت کا جاری رہنا ناگزیر ہے۔

ٹیلیفونک رابطے میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو افغانستان کی مسلسل معاشی معاونت برقرار رکھنی چاہیے۔

انھوں نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین ‘آہنی برادر’ اور اسٹریٹجک شراکت دار ہیں، دونوں ممالک کے مابین مشترکہ مفادات اور اہمیت کے امور پر قریبی رابطے اور ہم آہنگی استوار رکھنے کی روایت موجود ہے۔

 واضح رہے کہ ٹیلیفونک رابطے میں شاہ محمود قریشی نے چینی وزیر خارجہ کو افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال پر علاقائی اتفاق رائے کے حصول کیلئے اپنے متوقع دوروں کی تفصیلات سے آگاہ کیا ہے اور مشترکہ مقاصد بالخصوص افغانستان کی بدلتی صورتحال پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

The post پرامن افغانستان پاکستان کے خطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، شاہ محمود قریشی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email