پر امن افغانستان پاکستان اور خطے کے لیے ضروری ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پر امن افغانستان پاکستان اور خطے کے لیے ضروری ہے۔

تفصیلات کے مطابق جرمن چانسلر انجیلا مرکل کا وزیراعظم عمران خان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے پاک جرمنی دو طرفہ اعلیٰ سطحی رابطوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں جرمنی سے تعلقات بڑھانا چاہتا ہے۔

جرمن چانسلر انجیلا مرکل  سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغان تنازعے کا بہترین حل سیاسی ہے، پر امن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور خطے کے لیے ضروری ہے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان افغانستان سے سفارتکاروں، عالمی اداروں کے نمائندگان کی واپسی کے لیے معاونت فراہم کررہا ہے۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ افغانیوں کی سیکیورٹی اور ان کے حقوق کا تحفظ سب سے اہم ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے  مزید کہا کہ پاکستان تمام افغان قیادت سے رابطے میں ہے، عالمی برادری کو افغانستان کے لوگوں کی معاشی حالت میں بہتری کے لیے رابطے میں رہنا چاہیے۔

The post پر امن افغانستان پاکستان اور خطے کے لیے ضروری ہے، وزیراعظم appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email