موجودہ حکومت میڈیا کی مکمل آزادی اور با اختیار میڈیا پر یقین رکھتی ہے ، فرخ حبیب

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ موجودہ حکومت میڈیا کی مکمل آزادی اور با اختیار میڈیا پر یقین رکھتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ایم ڈی اے کے تحت پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی تنخواہوں اور نوکریوں کا تحفظ یقینی ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے پاس اپنے ایشو ز کے حل  کے لیے کوئی پلیٹ فارم نہیں تھا ، پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ایم ڈی اے) فریم ورک پر ابھی مشاورت کا عمل جاری ہے، اس پر ن لیگ کی تنقید سمجھ سے بالاتر ہے ، پی ایم ڈی اے پر تنقید کرنے والی مریم اورنگزیب خود قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کے مشترکہ اجلاس میں شریک نہیں ہوئیں۔

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پی ایم ڈی اے ، میڈیا کی ڈویلپمنٹ کے لیے ہے، تمام متعلقہ اداروں کو ایک چھتری تلے یکجا کرکے آسانیاں پیدا کررہے ہیں ، ماضی میں تو راتوں رات قوانین بن جاتے تھے، ہم نے قوانین بنانے سے پہلے مشاورت کی روایت ڈالی ہے ، ن لیگ نے اپنے دور میں میڈیا کے ساتھ کیا سلوک روا رکھا،میڈیا اور عوام سب جانتی ہیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ بعض لوگ پی ایم ڈی اے کی مرضی کے مطابق تشریح کر کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ، یی ایم ڈی اے پر اے پی این ایس، سی پی این ای، پی بی اے،پریس کلبز، میڈیا تنظیموں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل جاری ہے ، سٹیک ہولڈرز کی جانب سے میڈیا ڈویلپمنٹ،ڈیجیٹل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے، صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی تنخواہوں اور نوکریوں کے تحفظ کے اقدامات پر بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 19کے تحت آزادی اظہار رائے اور میڈیا کی آزادی پر کامل یقین رکھتے ہیں ، ماضی میں پی ٹی آئی عدلیہ آزادی،میڈیا آزادی کے لیے تحریک کا بھرپور حصہ بنی ہے ، اپوزیشن پی ایم ڈی اے بل کے نکات پڑھے نہ دیکھے اس کے باوجود پی ایم ڈی اے کو پوائنٹ اسکورنگ اور تنقید برائے تنقید کی نذر کر رہے ہیں۔

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ میڈیا سے متعلق اداروں کو مزید موثر اور فعال بنانے کے لیے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی بنا رہے ہیں۔

The post موجودہ حکومت میڈیا کی مکمل آزادی اور با اختیار میڈیا پر یقین رکھتی ہے ، فرخ حبیب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email