اس کالج کی ’’ڈگری یافتہ آیاؤں‘‘ کو کروڑوں روپے سالانہ تنخواہ ملتی ہے, آخر ایسی خاص بات کیا ہے؟

برطانوی کاؤنٹی سمرسیٹ کے شہر ’’باتھ‘‘ میں آیاؤں (نینیز) کا مہنگا ترین ’’نارلینڈ کالج‘‘ قائم ہ۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ کالج 1892ء میں ایک برطانوی خاتون ایمیلی وارڈ نے قائم کیا تھا جس کا ابتدائی مقصد بچوں کی دیکھ بھال کرنے والی خواتین کو باقاعدہ تربیت فراہم کرنا تھا۔

اپنے اعلی نصاب اور بہترین تربیت یافتہ آیاؤں کی بدولت یہ کالج چند ہی سال میں دنیا بھر میں مشہور ہوگیا جہاں کی سند یافتہ آیائیں مالدار گھرانوں اور شاہی خاندانوں تک کی اوّلین ترجیح قرار پائیں۔

اگرچہ آج بھی اس کا نام ’’نارلینڈ کالج‘‘ (Norland College) ہے لیکن یہ ایک یونیورسٹی کا درجہ رکھتا ہے۔

البتہ، اس کی فیس بھی اتنی زیادہ ہے کہ آکسفورڈ اور کیمبرج یونیورسٹیز بھی اس کے سامنے کم خرچ محسوس ہوتی ہیں۔

یہاں ایک تعلیمی سال کی فیس تقریباً 40 لاکھ روپے بنتی ہے جبکہ رہائش کے اخراجات اس کے علاوہ ہیں۔ زیرِ تربیت آیاؤں کو گریجویشن کےلیے یہاں چار سال تک قیام کرنا پڑتا ہے۔

اتنی مہنگی تعلیم ہونے کے باوجود، نارلینڈ کالج کی سند یافتہ آیاؤں کی دنیا بھر میں زبردست مانگ ہے جن میں سے اکثر کو دورانِ تعلیم ہی اچھی ملازمت مل جاتی ہے۔

اس کے علاوہ  یہاں سے تربیت یافتہ آیاؤں کو پہلے ہی سال میں 40 ہزار برطانوی پاؤنڈ (91 لاکھ روپے) سالانہ تنخواہ پر بہ آسانی ملازمت مل جاتی ہے جس میں ان کے تجربے کے ساتھ ساتھ اضافہ ہوتا رہتا ہے۔

نارلینڈ کالج سے فارغ التحصیل آیاؤں کو 5 سے 10 سالہ تجربے پر برطانیہ میں 68 ہزار پاؤنڈ (ایک کروڑ 54 لاکھ روپے) سالانہ تنخواہ بہ آسانی مل جاتی ہے۔

اس تجربے پر بیرونِ ملک ملازمت حاصل کرنے والی آیاؤں کی تنخواہ ایک لاکھ پاؤنڈ (2 کروڑ 27 لاکھ روپے) سالانہ یا اس سے بھی زیادہ ہوتی ہے۔

اب اگر آپ سوچ رہے ہیں کہ نارلینڈ کالج میں آیاؤں کو ایسا کیا پڑھایا جاتا ہے کہ دنیا بھر میں ان کی بہت مانگ ہے، تو بتاتے چلیں کہ انہیں سلائی کڑھائی، صفائی ستھرائی، بچوں کو سنبھالنے اور غصے پر قابو رکھنے کے علاوہ ہنگامی حالات سے نمٹنے، اپنا اور دوسروں کا دفاع کرنے سے لے کر مشکل حالات میں خطرناک ڈرائیونگ اور سائبر سیکیورٹی تک کی تربیت دی جاتی ہے۔

ظاہر ہے کہ اتنی زبردست تربیت کے بعد تیار ہونے والی آیا بلاشبہ غیرمعمولی ہوگی۔ یہی وجہ ہے کہ نارلینڈ کالج کی ہر فارغ التحصیل آیا کےلیے چھ ملازمتیں منتظر ہوتی ہیں۔

آج نہ صرف برطانیہ بلکہ مشرقِ وسطی، چین اور امریکا تک کے امیر گھرانوں میں نارلینڈ کالج سے تربیت یافتہ آیاؤں کی بہت مانگ ہے جنہیں اکثر منہ مانگی تنخواہ پر کام مل جاتا ہے۔

The post اس کالج کی ’’ڈگری یافتہ آیاؤں‘‘ کو کروڑوں روپے سالانہ تنخواہ ملتی ہے, آخر ایسی خاص بات کیا ہے؟ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email