عمران صاحب سول مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر بننا چاہتے ہیں، مریم اورنگزیب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب میڈیا اتھارٹی بل کے ذریعے ملک میں سول مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر بننا چاہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سلیکٹد ٹولے کی میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی نا منظور اور مسترد کرتے ہیں، میں بتاتی ہو میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیوں لارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی عمران صاحب کو تاریخی الیکشن چور، سلیکٹڈ، کرپٹ نہ کہے اِس لئے یہ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی لا رہے ہیں، آپ ملک میں آمریت، فسطائیت ، بے جی پی اور نازی پارٹی کی سوچ مسلط کررہے ہیں اس لئے یہ ڈرامہ کیا جا رہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ سچ کا گلا گھوٹنے والی کٹھ پتلیاں جھوٹ کی پیروکار ہیں، اس لئے میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نام پر آمریت مسلط کی جارہی ہے، منتخب اور عوام کی نمائندہ حکومت عوام اور میڈیا کی رائے، تنقید سے نہیں گھبراتی، منتخب اور مسلط میں یہی فرق ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں 22 کروڑ عوام ہیں جس کا عمران صاحب آٹا اور چینی کھا گئے اِس لئے یہ میڈیا اتھارٹی لا رہے ہیں، عوام کا بجلی گیس اور وزگار چوری کر لیا، اس پر میڈیا بات نہ کرے اِس لئے یہ میڈیا اتھارٹی لا رہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان کا کہنا ہے کہ تین سال سے میڈیا اور صحافیوں پہ حملے اور اب میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی لا رہے ہیں، دن دیہاڑے صحافیوں کو گولیاں مارنے، ڈنڈے برسانے اور کوئی بات نہ کرے، اِس لئے یہ میڈیا اتھارٹی لا رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ 74 سال کی اس نالائق ، نااہل اور کرپٹ ترین حکومت پر کوئی بات نہ کرے، اس لئے میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی لا رہے ہیں، ظالمانہ مہنگائی ، بدترین خسارے اور قرض پر کوئی بات نہ کرے، اِس لئے میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی لا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا اتھارٹی عوام کی آئین میں دی گئی اظہار رائے کی آزادی سلب کرنے اور الیکشن چوری کرنے کے لئے لائی جا رہی ہے، ایک طرف عمران مافیا کی الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور دوسری طرف میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی ؟ عوام سب جانتی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین ووٹ دے تو اخبار، ٹی وی، سوشل میڈیا کا منہ بند رہے، اِس لئے میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی لائی جا رہی ہے۔

The post عمران صاحب سول مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر بننا چاہتے ہیں، مریم اورنگزیب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email