ہندوستان نے بوٹ ٹیکنالوجی استعمال کر کے پاکستان کے خلاف ٹویٹس کئے،فوادچوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہندوستان نے بوٹ ٹیکنالوجی استعمال کر کے پاکستان کے خلاف ٹویٹس کئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ  پی ایم ایل این کے رہنماؤں کی آج کی مضحکہ خیز پریس کانفرنس سے یہی امید تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ  بدقسمتی سے پاکستان کے اندر سیاسی جماعتوں کے اپنے پولیٹیکل ونگز نہیں ہوتے ،مختلف ایشوز کا مطالعہ کر کے اپنی لیڈر شپ کو اصل معاملہ سمجھا کر یں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی رپورٹ میں کسی جگہ کسی کو ریاست مخالف ڈیکلیئر نہیں کیا،رپورٹ میں سوشل میڈیا پر شروع کئے جانے والے 150 ٹرینڈز کا ڈیٹا فراہم کیا گیا ہے، ان ٹرینڈز پر 37 لاکھ ٹویٹس کی گئیں، سوشل میڈیا بیانیہ تشکیل دیا گیا، اس بیانیہ میں ہندوستان اور افغانستان سمیت کئی دوسرے لوگوں نے حصہ لیا،اس رپورٹ میں پاکستان کے اندر بسنے والے لوگوں کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت Sanction Pakistan کا ٹرینڈ چل رہا ہے، اب اس ٹرینڈ میں حصہ لے کر کوئی اس کی مخالفت کرے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ یہ ریاست مخالف سرگرمی ہے،پی ایم ایل این کے دوستوں کو ٹیکنالوجی کی سمجھ نہیں تو وہ کسی ماہر کی خدمات حاصل کرلیں جو اس طرح کی رپورٹس کا تجزیہ کر کے انہیں بتا سکیں کہ رپورٹ اصل میں ہے کیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی ایم کے میڈیا ونگ نے ریاست مخالف سرگرمی کے طور پر ریاست مخالف ٹرینڈز میں حصہ لیا،اس بارے میں ڈیٹا رپورٹ میں شامل ہے، پاکستان کے عوام اس کا تجزیہ کر سکتے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ رانا ثناءاللہ، خرم دستگیر، شاہد خاقان عباسی جیسے ٹیکنالوجی سے ناواقف لوگوں کے تبصرہ سے یہی ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے پاس اتنی معلومات نہیں ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ جنہیں ڈیجیٹل میڈیا کی سمجھ نہیں وہ ہمارے ڈیجیٹل میڈیا ونگ سے رابطہ کر سکتے ہیں، ان کے رہنمائی کے لئے ایک سیل تشکیل دیا گیا ہے جہاں انہیں سمجھا دیا جائے گا کہ ڈیجیٹل میڈیا کیا ہے۔

The post ہندوستان نے بوٹ ٹیکنالوجی استعمال کر کے پاکستان کے خلاف ٹویٹس کئے،فوادچوہدری appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email