محرم الحرام کے دوران حفاظتی اقدامات پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے، آئی جی پنجاب

آئی جی پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران حفاظتی اقدامات پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ میں امن وامان کی صورتحال پر آر پی او آفس میں اجلاس ہوا جس میں آئی جی پنجاب انعام غنی نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفراقبال، آر پی او سید خرم علی اور صوبہ بھر کے آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے شرکت کی۔

آئی جی پولیس پنجاب نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف انسدادی کارروائی کریں ، تفتیشی امور میں تیزی لائیں میرٹ پر مقدمات یکسو کریں۔

انعام غنی کا کہنا تھا کہ جرائم کنٹرول کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں، مجرموں کو سخت سزائیں دلانے کے لیے خامیوں سے پاک مقدمات بنائیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب فرانزک لیب سے رپورٹس کے جلد حصول کے لیے اقدامات کریں، سنگین مقدمات کی تفتیش کی افسران خود نگرانی کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ بچوں کے خلاف جرائم پر بلا تاخیر سخت کارروائی کریں جبکہ سنگین مقدمات میں ملوث اشتہاریوں کو جلد از جلد گرفتار کریں۔

انہوں نے کہا کہ مقدمات کے نامکمل چالان جمع نہ کرائے جائیں بلکہ ایف آئی آر کے فوری اندراج کو یقینی بنایا جائے۔

آئی جی پنجاب انعام غنی نے صوبہ میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ انویسٹیگیشن سپورٹ یونٹ بنائے جائیں جس میں پکار 15 کال پر فوری ریسپانس اور کارروائی کو یقینی بنائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ افسران کی کارکردگی کے حوالہ سے درجہ بندی کریں، کارکردگی کے حوالہ سے ہی ایس ایچ او لگائے جائیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ بچوں کی گمشدگی پر غفلت قطعی برداشت نہیں ہے، چھوٹے معاملات کو غیر اہم سمجھ کر نظر انداز نہیں کیا جائے۔

The post محرم الحرام کے دوران حفاظتی اقدامات پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے، آئی جی پنجاب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email