حکومت پاکستان اور پنجاب پولیس اہل تشیع اور ہندو کمیونٹی کے ساتھ ہے، آئی جی پنجاب

آئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان اور پنجاب پولیس اہل تشیع اور ہندو کمیونٹی کے ساتھ ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب انعام غنی نے بھونگ میں گنیش مندر، امام بارگاہ کا دورہ کیا اور بھونگ مندر کے معاملے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج میں ہندو کمیونٹی کے ساتھ تحفظ کا احساس دینے کے لیے آیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بھونگ دورے کا مقصد شیعہ بھائی اور ہندو بھائیوں کی سیکورٹی کا یقین دہانی کروانا تھا، ہمیں نہ صرف اقلیتوں بلکہ تمام فرقوں کی حفاظت کرنی ہے، مقامی انتظامیہ کی کاوشوں سے ہندو برادری مطمئن ہے۔

انعام غنی نے کہا کہ ہندو برادری کے بھونگ سے گئے لوگ ضلع میں ہی ہیں ان کو گھر واپس آجانا چاہیے پولیس ان کو سیکورٹی دے گی، بھونگ کی خوبصورتی یہی ہے کہ یہاں سب لوگ باہمی اتحاد سے رہتے ہیں۔

آئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا ہے کہ مندر کے نقصان کو پورا کردیا گیا ہے جو کہ پولیس اور ایڈمنسٹریشن کی بہترین کاوش ہے مندر کو پہلے جیسا بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے مندر حملے کے 95 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، ہمارے پاس جو انفارمیشن آئے گی اس پر کارروائی کریں گے، سانحہ کی 3 ایف آئی آر درج کی ہیں تینوں ایف آئی آر میں ملزمان کو سزا دلائیں گے، اس سے پہلے کبھی بھی کسی کو سزا نہیں ہوئی مگر اب سزا ہوگی۔

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ مدرسہ کے مقدمات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں، جو شواہد ملے ہیں اس پر کارروائی جاری ہے، سپریم کورٹ پہلے بھی ایسے معاملات کا نوٹس لے چکی ہے۔

انعام غنی نے کہا کہ ہم اقلیتوں کے لیے سیکورٹی پلان کی سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھیج چکے ہیں، اقلیتوں کی جتنی بھی عبادت گاہیں ہیں وہاں مستقل سیکورٹی دیں گے۔

آئی جی پنجاب انعام غنی نے مزید کہا کہ ہم نے بھونگ کے حالات کو کنٹرول کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے امید ہے کہ سپریم کورٹ ہمارے اقدامات سے مطمئن ہوں گے، ہم نے سب سے پہلے انسانی جانوں کی حفاظت کی اور پھر مندر کو بھی بچایا۔

The post حکومت پاکستان اور پنجاب پولیس اہل تشیع اور ہندو کمیونٹی کے ساتھ ہے، آئی جی پنجاب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email