رات بھر رونے والے شیر خوار بچوں کو پرسکون رکھنے کےلئے ماؤں کو کیا کر نا چاہئیے؟ جانئیے

شیر خوار بچے ساری رات کیوں روتے ہیں؟ ان کو پرسکون رکھنے کے لیے ماؤں کو کیا کرنا چاہیے؟ آئیں آج اپنی اس اسٹوری میں جانتے ہیں۔

شیر خوار بچہ اپنی ضروریات کا بتانے کے لیے صرف رو کر ہی اظہار کر سکتا ہے اس وجہ سے اس کے رونے کا مطلب یہی ہوتا ہے کہ اسے کسی قسم کی تکلیف یا پریشانی ہے۔

 دن بھر میں دو سے تین گھنٹے تک کا رونا بچے کے لیے ایک روٹین کی بات ہے اس کے لیے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

 رات میں رونے کی عادت

اگر آپ کا بچہ ہر رات ایک مقررہ وقت پر رونا شروع کر دیتا ہے اور اسی طرح مقررہ وقت پر رونا بند کر کے سو جاتا ہے تو اس کو اس وقت جاگنے کی عادت ہے۔

اس کے لیے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے وقت کے ساتھ ساتھ بچہ اپنی روٹین ٹھیک کر کے رات میں سونے لگے گا۔

 بھوک لگنے پر رونا

شیر خوار بچہ کا ہاضمہ بہت مختصر ہوتا ہے وہ ماں کا دودھ پیتے ہوئے تھوڑا سا ہی دودھ پی کر ماں کی گود کی گرمی پا کر جلد سو جاتا ہے اور مکمل طور پر اپنی بھوک نہیں مٹا سکتا ہے۔

اس وجہ سے اس کو بار بار بھوک لگتی ہے جس کا اظہار وہ رو کر کرتا ہے اور دودھ پینےکے بعد سو جاتا ہے۔

 پیٹ میں درد

عام طور پر بچوں کا ہاضمہ بہت نازک ہوتا ہے اگر وہ روتے ہوئے بار بار اپنی ٹانگوں کو اوپر کر رہا ہو اور اس کے پیٹ پر بھی سختی ہو تو اس کا مطلب ہے کہ وہ پیٹ کے درد کے سبب رو رہا ہے۔

اس صورت میں اس کے پیٹ پر کسی بھی آئل سے ہلکا سا مساج کریں اور یہ چیک کریں کہ بچہ کو قبض تو نہیں ہے بعض اوقات گیس کے سبب بھی پیٹ میں درد ہوتا ہے۔

 بخار کے سبب

بچہ کا جسم عام طور پر گرم رہتا ہے اس لیے بعض اوقات بخار ہونے کے باوجود پتہ نہیں چل سکتا ہے اس وجہ سے اگر بچہ بے وقت رو رہا ہو تو اس کا ٹمپریچر ضرور چیک کر لیں اور بخار کی صورت میں اس کو ڈاکٹر کو دکھائيں۔

 ڈائپر تبدیل کرنا

بچہ فطرتاً بہت صاف طبعیت ہوتا ہے اس وجہ سے اگر اس کا ڈائپر گندہ ہو تو اس صورت میں بھی رونا شروع کر دیتا ہے اس لیے اس کے ڈائپر کو صاف کر لیں وہ اگر اس وجہ سے رو رہا ہو تو وہ چپ ہو جائے گا۔

کان میں درد

اگر بچہ بار بار روتے ہوئے سر کو ادھر ادھر حرکت دے رہا ہو تو اس کا مطلب یہ ہے کہ اس کے کان میں درد ہے اس وقت میں بچہ بہت بری طرح روتا ہے اس درد کی صورت میں بچے کو ڈاکٹر کو دکھانا ضروری ہے۔

 کمرے کا بہت گرم یا ٹھنڈہ ہونا

بچہ اگر رات میں اچانک رونا شروع کر دیتا ہے تو اس کا ایک سبب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اس کو اس کمرے میں شدید گرمی یا سردی لگ رہی ہے۔

  اس صورت میں یہ چیک کریں کہ اگر بچے کو پسینے آرہے ہیں تو وہ گرمی سے رو رہا ہوتا ہے اور اگر اس کے ہاتھ پاؤں ٹھنڈے ہو رہے ہوں تو وہ سردی سے رو رہا ہوتا ہے دونوں صورتوں میں اس کے حساب سے کمرے کے درجہ حرارت کو میںٹین کریں۔

The post رات بھر رونے والے شیر خوار بچوں کو پرسکون رکھنے کےلئے ماؤں کو کیا کر نا چاہئیے؟ جانئیے appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email