سندھ حکومت کرپشن ، بدعنوانی اور منی لانڈرنگ میں سب سے آگے ہے،فرخ حبیب

وزیرمملکت اطلاعات ونشریات  فرخ حبیب نےکہا ہے کہ سندھ حکومت کرپشن ، بدعنوانی اور منی لانڈرنگ میں سب سے آگے ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرمملکت اطلاعات ونشریات  فرخ حبیب  کا میڈیا  سے گفتگو کرتے ہو ئے کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کراچی کے مسائل کی جانب کوئی توجہ نہیں دی ہے،تعمیرات کے شعبے میں ایک ہزار ارب کے منصوبے منظور کئے جاچکے ہیں لیکن سندھ سب سے پیچھے ہے۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ گرین لائن منصوبے کی تعمیر ، گجر نالہ اور کورنگی نالے کی صفائی تک وفاقی حکومت کرا رہی ہے جبکہ وفاقی حکومت نے کراچی کی ترقی کیلئے اربوں روپے کے خصوصی پیکج کا بھی اعلان کیا ہے۔

وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو اپنے والد کی کرپشن کے جانشین ہیں، سندھ میں 14 ارب روپے کی گندم چوری ہوجاتی ہے تو کہا جاتا ہے کہ چوہے کھا گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبے ’’کے فور‘‘ میں سندھ حکومت رکاوٹ بنی رہی ہے۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ گرین لائن منصوبے کے تحت 80 بسیں پہنچ رہی ہیں  جس سے شہریوں کو جدید ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر ہوگی۔

وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ کراچی ٹریڈ کوریڈور بنایا جارہا ہے تاکہ شہر کے اندر داخل ہونے والے ٹرکوں کا مسئلہ حل کیا جاسکے۔

وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ بھی وفاق مکمل کررہا ہے، این ایف سی ایوارڈ کے تحت سندھ کوملنے والے 2ہزارارب روپے کہاں گئے؟ کیا ان سے بھی سرے محل خرید لئے گئے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ بلاول اور ان کا ٹولہ چاہتا ہے کہ وفاق ترقیاتی منصوبوں کی بجائے براہ راست انہیں دے جو ممکن نہیں،احساس کمیش پروگرام کے تحت سندھ میں وفاق نے 66 ارب روپے مستحق خاندانوں میں تقسیم کئے ہیں۔

وزیرمملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب کا مزید کہنا تھا کہ کراچی اور سندھ کے عوام کو معلوم ہے کہ انکے مسائل کا حل وزیراعظم عمران خان ہی نکال سکتے ہیں۔

The post سندھ حکومت کرپشن ، بدعنوانی اور منی لانڈرنگ میں سب سے آگے ہے،فرخ حبیب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email