کراچی کے شہریوں کے لئے  پانی کی فراہمی کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے، وزیراعظم

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں کے لئے صاف اور وافر پانی کی فراہمی کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے حوالے سے جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیرِ اعظم کو کراچی کے تین بڑے نالوں (محمودآباد،  گجر  اور  اورنگی)،  ملیر اور لیاری کے دریاؤں اور نالوں کے اطراف سڑک کی تعمیر، سیوریج سسٹم اور  یوٹیلیٹیز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

چئیرمین این ڈی ایم اے نے  بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نالوں کا سروے مکمل کر لیا گیا ہے اور تجاوزات ہٹانے کا کام بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ گجر نالے پر پیش رفت اناسی فیصد ہے، گجر نالے پر سے تجاوزات ہٹانے میں نواسی فیصد پیش رفت ہو چکی ہے۔

 بریفنگ دیتے ہوئے کہا  گیا کہ محمودآباد اور اورنگی نالے پر پیش رفت  بالترتیب سو فیصد  اور اٹھانوے فیصد ہے جبکہ اورنگی اور محمود آباد نالوں کی صفائی میں پیش رفت کا تناسب ستانوے اور نوے فیصد ہے۔

چئیرمین این ڈی ایم اے نے  وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے  مزید کہا  کہ محمود آباد نالے پر آر سی سی دیوار کی تعمیر کا کام تکمیل کے نزدیک ہے، دوسرے نالوں میں بھی یہ کام تیزی پکڑے گا جبکہ بقیہ سول ورکس جون 2022تک مکمل کر لیا جائے گا۔

بریفنگ دیتے ہوئے کہا  گیا کہ وزیر اعظم کو  گرین لائن اور اورنج لائن بی آر منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ گرین لائن اس سال اکتوبر سے فعال ہو جائے گی،وسط ستمبر 2021تک چین سے اسی بسیں پہنچ جائیں گی۔

بریفنگ دیتے ہوئے  مزید کہا  گیا کہ حکومت سندھ کی درخواست پر ایس آئی ڈی سی ایل اورنج  لائن کے لئے بیس بسیں منگوا رہی ہے جو اس سال دسمبر تک پہنچ جائیں گی۔

کراچی کے شہریوں کو پانی کی فراہمی کے منصوبے کے فور پر چئیرمین واپڈا نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کی عوام کو پانی کی فراہمی کے حوالے سے شدید مشکلات درپیش ہیں، اس وقت کراچی بارہ سو کیوسک پانی لے رہا ہے جس میں حب ڈیم سے سو ایم جی ڈی (ملین گیلن یومیہ)  شامل ہے۔

چئیرمین واپڈانے کہا کہ  پانی کی اس شدید قلت کو پورا کرنے کے لئے حکومت سندھ کی جانب سے کے فور کا منصوبہ تشکیل دیا گیا، اس منصوبے کے لئے مالی وسائل سندھ حکومت اور وفاقی حکومت کی جانب سے فراہم کیے جا رہے تھے ۔

چئیرمین واپڈا نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ ایک دہائی سے تعطل کا شکار رہا اور اب وفاقی حکومت اس منصوبے کو مکمل کر رہی ہے۔ منصوبے کا حتمی ڈیزائن اکتوبر2021تک مکمل کر لیا جائے گا جبکہ منصوبہ اکتوبر2023تک مکمل کر لیا جائے گا۔

اجلاس میں اسد عمر نےکہا کہ اس وقت وزیرِ اعظم کی تمام تر توجہ کراچی شہر پر ہے ، ملک کا معاشی حب ہونے کے ناطے اس شہر کی خاص اہمیت ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ  کراچی کے شہریوں کو صاف اور وافر پانی کی فراہمی کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے، اس مقصد کے لئے تکنیکی اور مالی طور پر ممکنہ طریقے برؤے کار لائے جائیں۔

عمران خان نے  یہ بھی کہا  کہ وزیرِ اعظم نے تمام متعلقین کو جاری منصوبوں کو ٹائم لائنز کے تحت مکمل کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ کراچی میں وفاقی حکومت کی جانب سے جاری منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل اور اعلان شدہ منصوبوں کا اجرا ءحکومت کی اولین ترجیح ہے۔

  اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسمعیل، وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر ریلوے اعظم سواتی ، وزیر برائے بحری امور سید علی زیدی، وزیرِ برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال اور سینئر افسران شریک ہوئے۔ 

The post کراچی کے شہریوں کے لئے  پانی کی فراہمی کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے، وزیراعظم appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email