پاکستان کیوبا کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کیوبا کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے کیوبا کے سفیر زینیئر جیویئر کیرو گونزیلز کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا، اطلاعات اور کمیونیکیشن کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور کیوبا کے مابین فلم، ڈرامہ اور کو۔پروڈکشنز کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں میں تعاون ناگزیر ہے، پاکستان میں متنوع ثقافتی ورثہ موجود ہے جس کا کیوبا کے عوام کے ساتھ تبادلہ کرنے کی ضرورت ہے۔

 فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کیوبا کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو باہمی اعتماد، احترام اور دیرینہ دوستی پر مبنی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جوائنٹ پروڈکشنز کے شعبوں میں تعاون سے ہمیں ایک دوسرے کی اقدار اور معاشرتی اصولوں کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

 فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کو درپیش مسائل اور چیلنجز کو بخوبی سمجھتے ہیں، ثقافت اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون سے دوطرفہ تعلقات کو فروغ ملے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان کیوبا کے صحافیوں کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرے گا، دونوں ممالک کے درمیان میڈیا وفود کے تبادلوں سے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔

کیوبا کے سفیر نے کیوبا کے صحافیوں کے دورہ پاکستان کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات کی تجویز کو سراہا۔

ملاقات میں کیوبا کے سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف مشترکہ اقدار کو اجاگر کیا اور جعلی خبروں کے مسئلہ کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

The post پاکستان کیوبا کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، فواد چوہدری appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email