چینی شہریوں کی حفاظت پاکستان کی اولین ترجیح ہے، صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ کی ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور چین کا باہمی مفاد کیلئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ملاقات میں فریقین نے خطے میں امن ، خوشحالی اور ترقی کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کے بنیادی قومی مفاد کے امور، جموں و کشمیر تنازعہ ، این ایس جی اور ایف اے ٹی ایف پر چین کی حمایت کو سراہا۔

ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ پاکستان چین کے قومی مفاد کے بنیادی امور’’ ون چائنا پالیسی ‘‘، تائیوان ، تبت ، ہانگ کانگ اور بحیرہ جنوبی چین پر چین کی حمایت کرتا ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے پرعزم ہے، بعض دشمن عناصر سی پیک منصوبے سے خوش نہیں،سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ڈاکٹرعارف علوی کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے تمام اقدامات کررہی ہے، پاک چین اقتصادی راہدای کے مخالف عناصر کامیاب نہیں ہوں گے۔ پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ دونوں حقیقی دوست ہر طرح کے حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے، اسٹریٹجک تعاون شراکت داری پاک چین تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائے گی۔

ملاقات میں چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ پاکستان چین کا قریبی دوست ہے ، چین دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔

نونگ رونگ نے یہ بھی کہا کہ سال کے اواخر تک 10 کروڑ ویکسین  کی خوراکیں پاکستان کو فراہم کی جائیں گی، چین پاکستان کو اس ہفتے ویکسین کی  60 لاکھ خوراکیں فراہم کرے گا۔

چین کے سفیر نونگ رونگ نے مزید کہا کہ چین کے تجربات پاکستان کی سماجی اور معاشی خوشحالی میں معاون ثابت ہوں گے۔

The post چینی شہریوں کی حفاظت پاکستان کی اولین ترجیح ہے، صدر مملکت appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email