گاڑیوں کی رجسٹریشن کروانے والوں کے لئے بڑی خوشخبری، حکومت نے اہم اعلان کردیا

گاڑی کی رجسٹریشن اور اس حوالے سے دی جانے والی فیسوں سے پریشان عوام کے لئے حکومت کی جانب سے ایک اہم اور بڑا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  گزشتہ روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکاٹکس کنٹرول سے متعلق منعقدہ ایک اجلاس میں محکمے میں جاری اصلاحاتی عمل پر اب تک کی پیشرفت اور محکمے کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

جلاس کو محکمے کے تحت ٹیکس اصلاحات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فنانس ایکٹ 2021 کے تحت ٹیکس دہندگان کو سہولت اور ریلیف کی فراہمی کے لئے غیر منقولہ شہری جائیدادوں پر ٹیکس میں چھوٹ کی شرح کو 10 فیصد سے بڑھا کر 20 فیصد کردیا گیا ہے اور اس کی مدت میں 31 دسمبر 2021 تک توسیع کی گئی ہے۔

اسی طرح  نجی اسکولوں کے لئے ٹیکس میں چھوٹ کی شرح 20 فیصد سے بڑھا کر 30 فیصد کر دی گئی ہے جبکہ صوبائی ٹیکسوں میں اصلاحات کے سلسلے میں ایک اور اہم و عوام دوست اقدام کے طور پر 18 مختلف ٹیکسوں کی مد میں ڈوپلیکیشن کو ختم کردیا گیا ہے۔

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ صوبے میں گاڑیوں کی زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن کے لئے لوگوں کو ترغیب دینے کے لئے گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس کو تقریبا ختم کردیا گیا ہے اس سلسلے میں 2500 سی سی تک کی گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس صرف ایک روپیہ جبکہ 2500 سی سی سے اوپر کی گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس گاڑی کی کل قیمت کا ایک فیصد مقرر کی گئی ہے۔

اسکے علاوہ ٹیکس ریکوریز کے حوالے سے محکمے کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مالی سال 20-2019 کے لئے ٹیکس ریکوری کا ہدف 3.33 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا جس کے مقابلے میں 3.00 ارب روپے ریکوری کی گئی تھی جو مقررہ ہدف کا 90 فیصد بنتا ہے جبکہ مالی سال 21-2020 کے لئے 3.74 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جس کے مقابلے میں 4.01 ارب روپے ریکوری کی گئی جو مقررہ ہدف کا 107 فیصد بنتا ہے۔

محکمے میں ای گورننس اسٹریٹجی کے تحت اقدامات کے حوالے سے اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ اربن ایموئیبل پراپرٹی ٹیکس کے لئے سینٹریلائزڈ ڈیٹابیس اور ایم آئی ایس /جی پی ایس ایپلیکیشن کی تشکیل، پراپرٹی ٹیکس کے لئے ایم آئی ایس سسٹم اور ادائیگیوں کے لئے ای-پیمینٹ سسٹم، آن لائن پراپرٹی ٹیکس چالان کے علاوہ شہریوں اور ٹیکس دہندگان کے لئے دیگر اقدامات محکمے کی ای گورننس اسٹریٹجی میں شامل ہیں۔

The post گاڑیوں کی رجسٹریشن کروانے والوں کے لئے بڑی خوشخبری، حکومت نے اہم اعلان کردیا appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email