قومی پرچم میں ہلال کا نشان علم کی روشنی اور ستارہ پنجتن پاک کی نشانی ہے،لاہور ہائیکورٹ

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے کہا ہے کہ قومی پرچم میں ہلال کا نشان علم کی روشنی اور ستارہ پنجتن پاک کی نشانی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نےرنگ برنگ جھنڈیوں، پاجامے اور کارٹون نما کھلونوں پر پاکستانی پرچم کے عکس کیخلاف درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔

جسٹس علی باقر کا کہنا تھا کہ  پرچم کی مختلف رنگوں میں اشاعت یقینی طورپر بے حرمتی کے زمرے میں آتی ہے، بدصورت کارٹونز پر پاکستانی پرچم کا عکس بھی بے حرمتی کے زمرے میں آتا ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ لباس پر قومی پرچم کی اشاعت اس کی تکریم کے خلاف ہے، قومی پرچم محض کپڑے کا ٹکڑا نہیں ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ  سبز اور سفید رنگ امن اور خوشحالی کی نشانی ہے،  قومی پرچم میں سفید رنگ مذہبی اقلیتوں کی اہمیت کو واضح کرتاہے،  پاکستانی پرچم ستارہ و ہلال قوم کی منفرد علامت اور اہمیت کا حامل ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ  قومی پرچم کی جڑیں اسلام کے ابتدائی دنوں سے منسلک ہیں، نبی کریم محمد مصطفی صلی اللہ و علیہ وسلم نے اسلام کا پہلا پرچم غزوہ بدر، خندق اور احد کے موقع پر حضرت علی کو دیا تھا، فیصلہ علم عباس آج بھی بلند ہے جو بہادری کی نشانی ہے۔

جسٹس علی باقر کا کہنا تھا کہ  قومی پرچم کا مطلب آزادی، مساوات کی علامت ہے، پاکستانی پرچم لوگوں کے حقوق اور ریاست کی سالمیت کے تحفظ کی نشانی ہے، قومی پرچم ایسی ریاست کی نشاندہی کرتا ہے جس میں تمام شہری برابر ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس کا کہنا تھا کہ  پاکستانی پرچم کی بے حرمتی پر تعزیرات پاکستان کی دفعہ 123بی لاگو ہوتی ہے، پاکستانی پرچم کی بے حرمتی پر 3 برس قید کی سزا تعزیرات پاکستان میں مقرر کی گئی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ  پاکستانی پرچم کو زمین سے چھونے سے بچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں، پاکستانی پرچم کا عکس ایسی جگہ پر نہ بنایا جائے جو زمین یا پائوں تلے آئے۔

جسٹس علی باقر کا کہنا تھا کہ  پاکستانی پرچم کو اندھیرے میں بھی نہ لہرایا جائے۔

 جسٹس علی باقر نجفی نے سدرہ سحر ایڈووکیٹ کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کیا گیا جبکہ 7صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے کو عدالتی نظیر بھی قرار دیا گیا ہے۔

The post قومی پرچم میں ہلال کا نشان علم کی روشنی اور ستارہ پنجتن پاک کی نشانی ہے،لاہور ہائیکورٹ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email