جماعت اسلامی جمہوری راستے پر یقین کرتی ہے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی جمہوری راستے پر یقین کرتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ناشتہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے قلم کی قسم کھائی ہے، خیر اور شر پوری دنیا میں موجود ہے، صحافی حضرات خیر کا سہارا بنیں، ہماری دعوت ہے کہ پاکستان دین کے نام پر بنا ہے اس کو اللہ کے احکامات پر چلائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری شریعت حکم دیتی ہے حکمران عوام کا وارث ہے، ہم چاہتے ہیں کہ سودی نظام ختم ہو، ملک میں کرپشن نہ ہو، ملک میں دولت کی منصفانہ تقسیم ہو، ہماری عدالتوں میں قرآن کا نظام ہو اور دین کی روشنی تعلیم کا حصہ ہو۔

سراج الحق نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے لیے 22 امیدوار کھڑے کیے ہیں، جنرل انتخابات کے لیے تیاری کررہے ہیں، الیکشن سے پہلے ایک ایسا نظام ہونا چاہیے کہ سب جماعتوں کو اتفاق ہو۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ پارٹی لیڈر ٹکٹ ان کو دیتے ہیں جو 60 سے 70 کروڑ روپے پارٹی کو ادا کرے، لینڈ مافیاز سیاست پر قابض ہیں مافیاز نے 22 کروڑ عوام کو یرغمال بنایا ہے، تین دن کے لیے جماعت اسلامی نے راولپنڈی میں ڈیرے ڈالے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف طویل عرصے تک اقتدار میں رہے ہیں، نواز شریف کے وطن واپس آنے پر کوئی دلچسپی نہیں ہے، ہم پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں کوئی فرق نہیں سمجھتے، ن لیگ، پیپلز پارٹی اور جرنیلوں نے بار بار حکومت کی ہے، اقتدار میں رہنے والوں نے عوام کو کچھ نہیں دیا، عوام عدل و انصاف کے لیے جماعت اسلامی کو ووٹ دیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ہم نے مہنگائی کے خلاف، مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کے خلاف سب سے پہلے آواز اٹھائی، کشمیر انتخابات میں جس کے پاس پیسے تھے وہ ممبر بن گیا، افغانستان میں آگ ہوگی تو تپش پاکستان میں محسوس ہوگی، پاکستان کا فرض ہے کہ پر امن افغانستان میں تمام کوششیں کریں۔

The post جماعت اسلامی جمہوری راستے پر یقین کرتی ہے، سراج الحق appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email