پاکستان کے پرچم میں موجود دونوں رنگوں کی حرمت ہم پر فرض ہے، فواد چوہدری

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پرچم میں موجود دونوں رنگوں کی حرمت ہم پر فرض ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے رحیم یار خان میں گنیش مندر واقعہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ رحیم یار خان میں گنیش مندر کو ایک گروہ نے نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے، ہندو برادری کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے افراد کو قرار واقعی سزا ملنی چاہئے، اس بات کی خوشی ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان  اور چیف جسٹس آف پاکستان نے اس معاملہ کا ذاتی طور پر نوٹس لیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان ہندوستان نہیں ہے، یہاں کوئی فاشسٹ آئیڈیالوجی حکمرانی نہیں کر سکتی، پاکستان کے پرچم میں موجود دونوں رنگوں کی حرمت ہم پر فرض ہے، ہمارے لئے سفید رنگ بھی اتنی ہی حرمت کا حامل ہے جتنی حرمت سبز رنگ کی ہے، سفید رنگ پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کے حقوق کی نشاندہی کرتا ہے۔

چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان ، سیاسی و فوجی قیادت اور عدالتیں ایک ترقی پسند ملک کے لئے پاکستان کے اس آئین کو تسلیم کرتی ہیں جس میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا وعدہ کیا گیا ہے، ہمیں پاکستانی بھائیوں کو نسل، رنگ یا عقیدے کی بنیاد پر نشانہ بنانے والے عناصر کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہیئے۔

انھوں نے مزید کہا ہے کہ انشاءاللہ پاکستان کا مستقبل ایک ایسے ترقی پسند ملک کا ہے جہاں اقلیتیں مکمل طور پر محفوظ ہوں۔

The post پاکستان کے پرچم میں موجود دونوں رنگوں کی حرمت ہم پر فرض ہے، فواد چوہدری appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email