عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنی حقیقی منزل کی جانب رواں دواں ہے، عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنی حقیقی منزل کی جانب رواں دواں ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے ملاقات کی جس میں منتخب نمائندوں نے پی پی 38 سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار کی کامیابی پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مبارکباد دی۔

اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔

اس کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مسائل کے حل کے لئے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ہدایات دیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے دعوے زیادہ کیے اور کام کم، سابق حکمرانوں نے نمائشی منصوبے شروع کر کے عوام کی ضروریات کو نظر انداز کیا، ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک اپنی اصل منزل سے ہٹ گیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے، سابق ادوار میں قبضہ مافیا کی حکومتی سطح پر سرپرستی کرتے رہے، پنجاب میں قبضہ مافیا سے 450 ارب روپے مالیت سے زائد اراضی واگزار کروائی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے پہلی بار بااثر اور بدعنوان عناصر پر ہاتھ ڈالا ہے، عوامی نمائندوں کے مسائل کو ذاتی سمجھ کر حل کرتا ہوں، ہماری حکومت نے تین برس کے دوران عوامی فلاح کے بے شمار پراجیکٹس شروع کیے ہیں، مختصر عرصے میں مختلف شعبوں میں اصلاحات کر کے نئی مثال قائم کی ہے، عوام کی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں رکن قومی اسمبلی اورنگزیب کھچی، صوبائی وزیر جہانزیب کھچی، اراکین پنجاب اسمبلی سید عباس علی شاہ، افتخار گوندل،غضنفرعباس چھینہ اوردیگر شامل تھے۔

The post عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنی حقیقی منزل کی جانب رواں دواں ہے، عثمان بزدار appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email