کشمیریوں کے عزم کے سامنے آخرکار بھارت کواپنا سرجھکانا پڑے گا، حفیظ چوہدری

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے  کہا ہے کہ کشمیریوں کے عزم کے سامنے آخرکار بھارت کواپنا سرجھکانا پڑے گا۔

 تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری  نے اپنے ایک بیان میں بھارتی وزیر خارجہ کے مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال سے متعلق ٹویٹ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ  بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ٹویٹ کرنے کے بجائے بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر خارجہ کا ٹویٹ بے بنیاد اوراپنی حکومت کو خوش کرنے کی ناکام کوشش ہے ، بھارتی وزیر کے دعوے حقائق کے بالکل برعکس اور خود پسندی سے زیادہ کچھ نہیں  ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر نہ کبھی بھارت کا حصہ تھا اور نہ کبھی ہو گا ،مقبوضہ جموں وکشمیر میں بدترین فوجی محاصرہ اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں جاری ہیں ۔ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں کی آزادیاں، بنیادی انسانی حقوق غصب کئے جاچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر عالمی سطح پر ایک تسلیم شدہ تنازعہ ہے ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر یہ ایک دیرینہ ترین حل طلب مسئلہ ہے جبکہ  سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق بھارت کو عالمی برادری کے ساتھ کئے وعدے پورے کرنے پڑیں گے۔

حفیظ چوہدری کاکہنا تھا کہ کشمیریوں کو ان کی اپنی سرزمین پر اقلیت میں بدلنے کے لئے جعلی حلقہ بندیوں کی کوشش کی گئی ، کشمیری عوام کو مزید دبانے اور ان کے حقوق چھیننے کے لئے بھارت مسلسل غیرقانونی اقدامات کررہا ہے۔مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو مزید بے اختیار کرنے کے لئے بھارت نے آبادی کے تناسب میں غیرقانونی تبدیلیوں کے اقدامات کئے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کاکہنا تھا کہ وزیرموصوف کو اتحاد میں اضافے کے نام نہاد دعوے کرنے سے پہلے بھارت کے اندر سے اٹھنے والی موجودہ حکومت کے مظالم اور متعصبانہ اقدامات کی دہائیاں سننی چاہئیں ۔

ترجمان دفتر خارجہ حفیظ چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ آر ایس ایس، بی جے پی حکومت کا ریکارڈ اپنے ملک کے اندر اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے بھرا پڑا ہے ۔

The post کشمیریوں کے عزم کے سامنے آخرکار بھارت کواپنا سرجھکانا پڑے گا، حفیظ چوہدری appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email