اہلِ کشمیر کا تشخص تباہ کی بھارتی کوششیں دنیا کےسامنے ہیں ، عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ اہلِ کشمیر کا تشخص تباہ کرنےاور بزورِ قوت آبادی کا تناسب بدلنےکی بھارتی کوششیں دنیاکےسامنے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں پانچ اگست 2019 کے یکطرفہ و غیرقانونی بھارتی اقدامات کو آج 2 برس بیت چکےہیں۔

انہوں نے کہا کہ دو برسوں کے دوران دنیا نےکشمیرمیں قابض بھارتی فوجوں کی جانب سےجبر کابدترین مظاہرہ دیکھا ، تمام عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزیوں اور انسانی حقوق کی پےدرپے پامالیوں ، جنہیں عالمی میڈیا اورانسانی حقوق کی تنظیموں نے بہترین اندازمیں مرتب کیا اس کے باوجود اہلِ کشمیرکےپایہ استقامت میں لغزش برپا نہ ہوئی۔

عمران خان نے کہا کہ کشمیری حقِ خودارادیت کی اپنی جدوجہدمیں پوری طرح ثابت قدم رہے ، پاکستان کی حکومت اور عوام اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں میں تسلیم کردہ اپنے حقوق (جنہیں کسی طور غصب نہیں کیا جاسکتا) کے حصول کی پرعزم اور منصفانہ جدوجہد کی راہ میں قربانیاں پیش کرنے پر اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے اہلِ کشمیر کی آواز عالمی سطح پر بلند کی ہے ، اور جب تک انہیں سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں اپنے مستقبل کے تعین کی اجازت نہیں ملتی میں یہ کرتا رہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی پورے عزم و استقلال سے اہلِ کشمیر کا مقدمہ لڑتا رہے گا اور کشمیریوں کی یہ جدوجہد بار آور ہوگی ، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت سرکار کی بربریت آر ایس ایس کے ہندوتوا نظریے کی مرہونِ منت ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہندوستان آج تمام عالمی قواعد و قوانین پامال کرتے ہوئے اپنی بد معاشیوں اور ریاستی دہشت گردی سے خطے کا استحکام تباہی کی گھاٹ میں اتار رہا ہے۔

The post اہلِ کشمیر کا تشخص تباہ کی بھارتی کوششیں دنیا کےسامنے ہیں ، عمران خان appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email