شہروز سبزواری کا صدف کنول کے بیان پر رد عمل

پاکستان کے معروف اداکار شہروز سبزواری کا اپنی اہلیہ صدف کنول کی جانب سے شوہر سے متعلق دیئے گئے بیان پر رد عمل سامنے آگیا۔

صدف کنول کی جانب سے گزشتہ دنوں ایک انٹرویو کے دوران کہا گیا تھا کہ ’اپنے شوہر کی عزت کرنا اور اُس کا خیال رکھنا ہماری ثقافت ہے، وہ بیوی ہونے کے ناطے اپنے شوہر کے جوتے بھی اٹھاتی ہیں اور کپڑے بھی استری کرتی ہیں، اُنہیں معلوم ہونا چاہیے کہ اُن کے شوہر کی کیا چیز کہاں رکھی ہوئی ہے، اُن کے شوہر کو کب کیا کھانا ہے۔‘

سوشل میڈیا پر گزشتہ کئی دنوں سے کافی بحث کی جا رہی تھی   اور صدف کنول ٹوئٹر پر بھی کئی دن ٹرینڈ کرتی رہیں۔

صدف کنول پر کچھ انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے تنقید کی گئی تو کچھ نے صدف کنول کے اس بیان کو خوب سراہا اور اُن کی سوچ کی تعریف کی تھی۔

شہروز سبزواری نے گزشتہ رات ایک نجی چینل پر بطور مہمان شرکت کرتے ہوئے رد عمل دیا ہے۔

اداکار شہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ وہ سب سے پہلے ایک مسلمان، پھر پاکستانی ہیں اور بعد میں وہ ایک مرد اور شوہر ہیں، اسلام نے عورت کو عزت دی ہے اور ایک اونچا مقام دیا ہے، عورت بہت مضبوط ہے، اسلام میں جو عورت کو مقام دیا گیا ہے وہی مقام پاکستان میں بھی عورتوں کو ملنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اُن کی اہلیہ اُن کی عزت اور اُن سے پیار کرتی ہے تو اُنہیں تنقید کا نشانہ کیوں بنایا جاتا ہے، تنقید کرنے والے صرف 10 فیصد لوگ ہیں جو کہ خود ہی اپنا بیانیہ کمزور کر چکے ہیں۔

The post شہروز سبزواری کا صدف کنول کے بیان پر رد عمل appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email