جمہوری نظام میں اکثریت کی بنیاد پر فیصلے ہوتے ہیں، شہباز شریف

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جمہوری نظام میں اکثریت کی بنیاد پر فیصلے ہوتے ہیں اور اقلیت کو ہرگز مسلط نہیں کیا جاتا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکو خط لکھا جس میں انھوں نے کہا کہ چئیرپرسن کی تقرری پر پارلیمانی ضابطوں، روایات، قانون اور جمہوری اقدار کی صریحا خلاف ورزی کی گئی ہے۔

شہبازشریف نے خط میں بتایا کہ انتخاب میں اپوزیشن کی امیدوار فوزیہ وقار نے چھ ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی۔ فوزیہ وقار کو ڈاکٹر نفیہ شاہ، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، طاہرہ اورنگزیب، شاہدہ اختر علی، نزہت صادق اور عابدہ محمد عظیم نے ووٹ دئیے تھے۔

خط میں بتایا گیا کہ حکومتی امیدوار کو پانچ ووٹ ملے لیکن کمیٹی کی سربراہ محترمہ فلک ناز نے خلاف قانون و ضابطہ اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ چئیرپرسن اس وقت ووٹ ڈالنے کی مجاز ہیں جب دونوں امیدواروں کو یکساں ووٹ ملتے۔

مسلم لیگ ن کے صدر کا خط میں کہنا تھا کہ ووٹ کی حرمت کا تحفظ کرنے کے بجائے حکومتی امیدوار کے تقرر کے لئے چئیرپرسن نے انتخابی عمل کی خلاف ورزی کی ہے اور چئیرپرسن نے خلاف قانون اپنی مرضی سے اجلاس کی کارروائی مرتب کرکے حکومتی امیدوار کو کامیاب قرار دے دیا ہے جو کہ انتہائی تشویش کا باعث ہے۔

خط میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جمہوری نظام میں اکثریت کی بنیاد پر فیصلے ہوتے ہیں، اقلیت کو ہر گز مسلط نہیں کیا جاتا ہے۔

انہوں نے خط میں لکھا کہ یہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ فوزیہ وقار کو انتخاب میں اکثریت کے باوجود عہدے پر مقرر نہیں کیا گیا اور یہ طرز عمل غیر پارلیمانی ہے جسے کوئی بھی پسند نہیں کرتا ہے،سینٹ اور قومی اسمبلی کی معزز خواتین ارکان یہ معاملہ خط کے ذریعے آپ کے علم میں پہلے ہی لاچکی ہیں۔

شہباز شریف نے خط میں کہا کہ سینٹ اور قومی اسمبلی کی معزز خواتین ارکان یہ معاملہ خط کے ذریعے آپ کے علم میں پہلے ہی لا چکی ہیں جس پر سپیکر آفس میں اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے مزید لکھا کہ اس خط کے جواب کے ساتھ متعلقہ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کی کارروائی کا متن بھی انہیں فراہم کیا جائے اور انتخاب میں اکثریتی ووٹ لینے والی محترمہ فوزیہ وقار کا قانونی حق ہے کہ انہیں بلاتاخیر چئیرپرسن نوٹیفائی کیاجائے۔

The post جمہوری نظام میں اکثریت کی بنیاد پر فیصلے ہوتے ہیں، شہباز شریف appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email