ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسلی کشی میں ملوث ہے، صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسلی کشی میں ملوث ہے۔

 تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل بن عبدالرحمٰن العسومی کی ملاقات ہوئی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ بھارت شہریت کے قانون کے ذریعے کشمیر میں مسلم آبادی کو کم کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک دہشت گردی اور اسلامو فوبیا کے چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں، دہشت گردی اور اسلاموفوبیا کے چیلنجز پر قریبی تعاون کے ذریعے قابو پایا جا سکتا ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اسلامی ممالک اسلاموفوبیا کے حوالے سے دنیا کے تصورات تبدیل کرنے کے لیے مل کر کام کریں۔

ملاقات میں ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے بالخصوص افغانستان میں امن کے فروغ کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔

دو طرفہ ملاقات میں صدر مملکت نے فلسظین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی قوانین کے مطابق فلسطین کی ایک آزاد ریاست کے قیام کا خواہاں ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، مشترکہ عقیدے اور ثقافت کی وجہ سے پاکستانی عوام کا عرب ممالک کے عوام کے ساتھ قدرتی لگاؤ ہے۔

صدر مملکت  کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے کے ممالک کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پالیسی جیو سیاست سے جیو اقتصادیات کی طرف منتقل ہو گئی ہے،پاکستان کی نئی پالیسی ترقی کیلئے شراکت داری ، سماجی و اقتصادی ترقی اور خطے میں امن پر مرکوز ہے۔

  ملاقات میں عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل بن عبدالرحمٰن العسومی کا کہنا تھا کہ پاکستان عرب دنیا کے لیے اہم ملک ہے اور پاکستان نے امت مسلمہ کے مقاصد کے حصول میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔

عرب پارلیمنٹ کے صدر کا کہنا تھا کہ اسلامی ممالک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالم اسلام کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور عرب دنیا کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے وفود کے تبادلے کی ضرورت ہے۔

The post ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسلی کشی میں ملوث ہے، صدر مملکت appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email