اسلام سلامتی ، امن ، اور عدم تشدد کا مذہب ہے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی اور مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی ملاقات ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملاقات کے دوران ملک میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے اقدامات اور پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق  پر عمل درآمد کرنے کا اعلان خوش آئند ہے جبکہ حکومت ملک میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں پاکستان علماء کونسل اور متحدہ علماء بورڈ کا ملک میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارہ کے فروغ کیلئے کردار لائق تحسین ہے ، اسلام سلامتی ، امن ، رواداری ، تحمل، برداشت اور عدم تشدد کا مذہب ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ فرقہ وارانہ منافرت ، مسلح فرقہ وارانہ تصادم اور طاقت کے زور پر اپنے نظریات دوسروں پر مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی جبکہ کچھ عناصر ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کیلئے ملک دشمن قوتوں کے ہاتھوں کھیل رہے ہیں۔

دوسری جانب طاہر محمد اشرفی کا کہنا ہے کہ نفاذ شریعت کے نام پر طاقت کا استعمال ، ریاست کے خلاف مسلح محاذ آرائی ، تخریب کاری و فساد اور دہشت گردی کی تمام صورتیں شریعت کی رو سے حرام ہیں جبکہ تمام مسالک کے علماء و مشائخ اور مفتیان پاکستان انتہاء پسندانہ سوچ اور شدت پسندی کو مسترد کرتے ہیں۔

حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔

The post اسلام سلامتی ، امن ، اور عدم تشدد کا مذہب ہے، فواد چوہدری appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email