جشن بروغل ۲۰۱۹ اختتام پذیر

بروغل(زیل نمائندہ) چترال کے دورافتادہ وادی بروغل میں دو روزہ بروغل فیسٹیول ۲۰۱۹ اپنی منفرد ثقافتی رنگینیوں  کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔  اس جشن میں یاک پولو، پولو، بزکشی، گدھا پولو، کرکٹ، فٹ بال اور ثقافتی پروگرامات شامل تھے۔ ٹوارزم کارپوریشن خیبر پختونخوا اور ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے اشتراک سے منعقدہ اس جشن کے آخری دن کے مہمان خصوصی  ڈپٹی کمشنر اپر چترال شاہ سعود تھے۔ ان کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف چترال کے صدر عبداللطیف، ڈی ای او اپر چترال محمود غزنوی، فاروق اعظم ، آکاہ چترال کے نمائندے ، صحافی حضرات ، کھلاڑی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر سکول کے طلباء نے مارچ پاسٹ کا بھی مظاہرہ کیا اور مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ اختتامی دن جشن کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنراپر چترال شاہ سعود نےکھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرنے کے بعد  اپنے خطاب میں  بروغل کے عوام کو جشن کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اس دورافتادہ اور پس ماندہ علاقے کی ترقی کے لیے کوشاں ہے اور اس بابت کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جشن بروغل کا مقصد کھیل اور ثقافت کے ذریعے ان  علاقے کی پس ماندگی اور دورافتادگی  کو اجاگر کرکے لوگوں کی توجہ ان علاقوں کی طرف کرنا ہے۔ اس موقع پر دوسروں نے بھی اپنے خطاب میں بروغل کی پس ماندگی کو دور کرنے اور وہاں عوامی بہبود کے کاموں کو وسعت دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

Print Friendly, PDF & Email