بائے پاس روڈ کے سیویریج  کا نا قص نظام کس کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے؟

چترال (زیل نمائندہ ) عوامی نیشنل پارٹی کی دور حکومت میں خطیر رقم سے  بننے والا بائے پاس روڈ شروع دن ہی سے ناقص کام کی وجہ سے زیر موضوع رہا ہے۔  اس روڈکی تعمیر میں جہاں ٹھیکیدار نے غیرذمہ داری کا مظاہرہ کیا وہاں متعلقہ محکمہ اور انتظامی افسران بھی پیچھے نہ رہے۔ غفلت اور وقت مقررہ پر ٹھیکیدار سے کام نہ لینے پر چترال کے عوام بائے پاس روڈ کی تعمیر کے دوران گرد اور دھول کی زحمت سے دوچار ہوئے۔ غیرمناسب لیویلنگ، غیرضروری موڑاور غیرمعیاری بلیک ٹاپینگ کی وجہ سے یہ روڈ بننے کے تین سال بعد ہی کھنڈرات کا منظر پیش کررہا ہے۔ ناقص سیویریج سسٹم اور مناسب انتظام نہ ہونے کی وجہ سے پانی اکثر اوقات روڈ پر سیلاب کی صورت میں  دکھائی دیتا ہے۔ تعجب کی بات یہ ہے کہ متعلقہ محکمہ اس مسئلے کے سد باب کے لیے  ٹس سے مس  نہیں ہورہاہے۔ حسب معمول ان دنوں بھی بائی پاس روڈ پٹرول پمپ کے قریب سیوریج لائین کی بندش کی وجہ سے نہ صرف پختہ سڑک تباہ ہو رہی ہے بلکہ یہاں سے لوگوں کا گزرنا بھی دوبھر ہوگیا ہے۔ افسران بالا روزانہ اس سڑک سے بڑی بڑی گاڑیوں میں گزرتے ہیں لیکن عام افراد کی مشکلات میں کمی لانے کا سوچتے ہی نہیں ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email