پولیس جوان فورس کا اصل سرمایہ ہیں، ڈی پی اوچترال

چترال(زیل نمائندہ)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چترال وسیم ریاض نے پولیس جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فورس کے اصل سرمایہ ہیں جن کے مسائل حل کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ پولیس لائن میں جوانوں  کو درپیش مسائل سے آگہی حاصل کرنے اور ان کے جائز عرض و معروض سننے کی خاطر خصوصی اردلی روم کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر  ڈی پی او وسیم ریاض نے جوانوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔  انہوں نے مزید کہا کہ دیگر اضلاع کی طرح چترال پولیس نے بھی دہشت گردی کا مردانہ وار مقابلہ کیا ہے  اور معاشرتی برائیوں کا قلع قمع کرنے کے لیے دن رات ایک کررہی ہے۔

اس موقع پر ڈی پی او نے بہترین کارکردگی دکھانے والے پولیس جوانوں میں انعامات اور توصیفی اسناد بھی تقسیم کیا۔ انہوں نے جوانوں پر زور دیا کہ وہ خلوص نیت، محنت و لگن سے کام کرتے ہوئے اپنی کارکردگی میں مزید نکھار پیدا کریں تاکہ محکمہ پولیس میں ہونے والے اصلاحات کا ثمر عوام تک پہنچے۔

Print Friendly, PDF & Email