چترال کے ایک اور سپوُت”تمغئہ امتیاز” کے لیے نامزد

اسلام آباد(نامہ نگار) ہر سال یوم پاکستان کےموقع پر صدر اسلامیہ جمہوریہ پاکستان مختلف شعبوں میں گران قدر اور نمایاں خدمات انجام دینے والے شخصیات کو سول اعزازات سے نوازتے ہیں ۔اس سال صدرمملکت نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کے حامل 141شخصیات کے لیے  مختلف سول اعزازات کی منظوری دی ہے جن میں چترال کے معروف شخصیت اور سرحدرورل سپورٹ پروگرام کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شہزادہ مسعودالملک بھی شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ چترال کے سابق ڈپٹی کمشنرشہید اسامہ احمد وڑائچ کوبعد از شہادت سول اعزاز سے بھی نوازا جائے گا۔ اطلاعات کےمطابق صدرپاکستان ممنون حسین نے ان اعزازات کی باقاعدہ منظوری دی ہے۔ یہ اعزازات 23مارچ 2018ء یوم پاکستان کے موقع پر گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ ایک تقریب میں دئیے جائیں گے۔ یاد رہے شہزادہ مسعودالملک دوسرے چترالی ہیں جنہیں تمغئہ امتیاز سے نوازا جارہا ہے۔ اس سے پہلے چترال کے مایہ ناز سکالر،ماہر تعلیم اور ادیب ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی کو ان کی بہترین ادبی خدمات کے اعتراف میں تمغئہ امتیاز سے نوازا گیاہے۔

Print Friendly, PDF & Email