صرف ٹی ایل پی والے نہیں ہم سب عاشقِ رسولﷺ ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ صرف ٹی ایل پی والے نہیں ہم سب عاشقِ رسولﷺ ہیں۔

وزیراعظم عمران خان سے علمائے کرام نے ملاقات کی جس میں عمران خان نے کہا کہ ملک میں کسی قسم کا خون خرابہ نہیں چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ فرانس کے سفیر کو نکالنے سے فرانس کو کچھ فرق نہیں پڑے گا ، گستاخِ رسولﷺ سے سب مسلمانوں کو تکلیف ہوتی ہے ، گستاخِ رسولﷺ کے خلاف میں نے پوری دنیا میں آواز اٹھائی اور اسلاموفوبیا کے خلاف ہر فورم پر بات کی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ احتجاج کا یہ طریقہ نہیں کہ آپ لوگوں پر تشدد شروع کردیں ، ہم نے ہر صورت ریاست کی رٹ کو قائم رکھنا ہے ، سعد رضوی کو رہا نہیں کرسکتے ، علمائے کرام اپنا کردار ادا کریں۔

ملاقات میں 19 علماء اور 3 وزراء نے شرکت کی۔

دوسری جانب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ مولانا طاہر اشرفی کی عمران خان سے ملاقات میں شرکت پر علمائے کرام نے شدید اعتراض کیا۔

علمائے کرام کا اعتراض تھا کہ طاہراشرفی اگر ملاقات میں ہوں گے تو ہم شرکت نہیں کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ علماء کے اعتراض پر وزیراعظم نے طاہر اشرفی کو جانے کا کہا اور طاہر اشرفی کو ملاقات سے جانا پڑا۔

The post صرف ٹی ایل پی والے نہیں ہم سب عاشقِ رسولﷺ ہیں، وزیراعظم appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email