کالعدم تحریک کا ایجنڈا ملک کے اندر فساد پھیلانا ہے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک کا ایجنڈا ملک کے اندر فساد پھیلانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالعدم تحریک کے احتجاج میں 5 پولیس کے اہلکار شہید، 49 زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 14 کی حالت تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں علمائے کرام آگے آئیں اور اپنا کردار ادا کریں ، ہم سڑکوں پر خون بہتا نہیں دیکھنا چاہتے، ہم امن کے ذریعے معاملات حل کرنا چاہتے ہیں ، ریاست کو کمزور نہ سمجھا جائے، ہم نے بڑی بڑی دہشت گرد تنظیموں کو شکست دی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے بہت صبر کا مظاہرہ کیا، جتنا صبر کر سکتے تھے وہ کر رہے ہیں، ریاست نے 22 کروڑ عوام کو دیکھنا ہے ، احتجاج کے باعث جی ٹی روڈ پر ٹرکوں کی لائنیں لگی ہوئی ہیں، تاجر اور دکاندار حکومت کی طرف دیکھ رہے ہیں ، پرامن احتجاج ہر ایک کا حق ہے لیکن ڈنڈے اٹھا کر لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچا کر ، پولیس والوں کو زخمی اور شہید کر کے اپنا مطالبہ منوالیں گے تو ایسا نہیں ہوگا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ملک میں امن وامان کی صورتحال خراب ہو، ہم مذاکرات کر رہے ہیں کہ یہ لوگ واپس جائیں ، کالعدم ٹی ایل پی نے اپنے ذاتی مفاد کے لیے رسولﷺ کے نام کا استعمال کیا ، پاکستان کی قوم ہی نہیں پورا عالم اسلام نبی کریمﷺ کو رحمت اللعالمین سمجھتا ہے ، وزیراعظم عمران خان نے دنیا بھر میں اسلامو فوبیا اور سیرت النبیﷺ کے حوالے سے عملی اقدامات اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریمﷺ نے ہر بشر کو رحمت اور محبت کی نوید سنائی، عشق رسولﷺ کا مطلب ہے کہ ہر انسان سے محبت کی جائے ، پاکستان میں 97 فیصد آبادی مسلمان ہے، نبی آخر الزماں کے خاتم النبینﷺ ہونے پر یقین کے بغیر کسی مسلمان کا ایمان ہی مکمل نہیں ہوتا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے ٹی ٹی پی سے بھی مذاکرات کیے ہیں، ہم تمام گروہوں سے مذاکرات کرتے ہیں، مذاکرات آئین اور قانون کے تحت ہوں گے، فیصلے ہمارے عدالتی نظام کے مطابق ہوں گے ، جب ملک معاشی استحکام کی طرف جاتا ہے اور ڈالر نیچے اور اسٹاک مارکیٹ اوپر جانا شروع ہوتی ہے تو اس طرح کا تصادم شروع کر دیا جاتا ہے۔

The post کالعدم تحریک کا ایجنڈا ملک کے اندر فساد پھیلانا ہے، فواد چوہدری appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email