شہریوں کی جان ومال کا تحفظ اور امن وامان قائم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، حسان خاور

وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان ومال کا تحفظ اور امن وامان قائم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے اپنے بیان میں کہا کہ ناموس رسالتﷺ کا تحفظ ہم سب کے ایمان کا جزو ہے۔

حسان خاور نے کہا کہ ناموس رسالت مسلمانوں کو آپس میں جوڑنے والا جذبہ ہے، اس کے ذریعے قومی وحدت کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ راستوں کی بندش اور موبائل سروس معطل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، حکومت حالات کو نارمل کرنے کے لئے ہرممکن کوشش کررہی ہے، بات چیت کے لیے ہماری مثبت پیش رفت کے جواب میں ضد اور ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا گیا، شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان قائم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

ترجمان حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ حکومت حالات کو نارمل کرنے کے لئے ہرممکن کوشش کر رہی ہے، حکومت کی صلح کی پالیسی کو کمزوری سمجھنا غلط ہے، عوام کے تحفظ کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا ہے کہ ایسے معاملات میں کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پر مسائل حل کیے جاتے ہیں، اس طرح بات چیت کے لئے سازگار ماحول قائم نہیں ہو سکا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہر ممکن کوشش کی ہے کہ اس مسئلے کو باہمی افہام و تفہیم سے حل کیا جائے، وزیر اعلیٰ پنجاب ذاتی طور پر حکومت کی حکمت عملی پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کررہے ہیں۔

حسان خاور نے کہا کہ حکومت کا موقف واضح اور دو ٹوک ہے جس میں کوئی کنفیوژن نہیں، حالات قابو میں آنے کے بارے میں کوئی ڈیٹ لائن نہیں دی جا سکتی۔

ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے مزید کہا کہ کالعدم تنظیم کے رہنما کی رہائی انتظامی مسئلہ نہیں، قانونی معاملہ ہے، وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب دونوں اس معاملے پر مشترکہ کام کر رہی ہیں۔

The post شہریوں کی جان ومال کا تحفظ اور امن وامان قائم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، حسان خاور appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email