بلوچستان اسمبلی کا اجلاس، وزیراعلیٰ کا انتخاب کیا جائے گا

بلوچستان اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا، جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان کا انتخاب کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق میرعبدالقدوس بزنجو کی سابق مخلوط حکومت میں شامل تمام جماعتوں نے وزارت اعلیٰ کے امیدوار کے لیے حمایت کردی، حزب اختلاف کی جماعتیں پہلے ہی ان کے وزیر اعلیٰ بننے کے حامی تھے۔

ذرائع کے مطابق اگر آج کسی اور رکن نے وزارت اعلیٰ کے لیے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے تو قدوس بزنجوبلامقابلہ بلوچستان کے وزیر اعلیٰ بنیں گے۔

سیاسی مبصرین کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ بلوچستان میں بحران کے خاتمے کے بعد ایک لحاظ سے مائنس جام کمال والی صورتحال بن گئی ، ایک ماہ قبل مخلوط حکومت میں شامل جام کمال کے مخالفین نے مائنس جام کمال کا فارمولا پیش کیا تھا، اگر جام کمال پہلے ہی مستعفی ہوجاتے تو معاملہ اتناطویل نہیں ہوتا۔

 سیاسی مبصرین کا کہنا ہےکہ قدوس بزنجو کی سربراہی میں سابق مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں کے لوگ ہی آئندہ کی مخلوط حکومت کا حصہ بنیں گے۔

ذرائع متحدہ حزب اختلاف کے مطابق اگرچہ حزب اختلاف کی جماعتیں قدوس بزنجو کے خلاف نہیں لیکن ان میں سے کوئی جماعت حکومت کا حصہ نہیں بننے جارہی ہے۔

سیاسی مبصرین کا مزید کہنا ہےکہ قدوس بزنجو کی طرح اسپیکر کے عہدے کے لیے جان جمالی کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق عبدالقدوس بزنجو کے علاوہ کسی نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے، عبدالقدوس بزنجو کو ایوان میں 33 اراکین کی اکثریت ثابت کرنا ہوگی۔

اکثریت ثابت کرنے پر عبدالقدوس بزنجو وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب ہوجائیں گے۔

واضح رہے کہ جام کمال نے گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ بلوچستان کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔

The post بلوچستان اسمبلی کا اجلاس، وزیراعلیٰ کا انتخاب کیا جائے گا appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email