کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، عثمان بزدار

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کالعدم ٹی ایل پی مظاہرین کے تشدد و فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت شہداء کے غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے، ہم پولیس شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، پولیس اہلکاروں نے فرائض کی بجا آوری میں اپنی قیمتی جانیں قربان کیں۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کا حکم دیا، ان کا کہنا تھا کہ قانون کی عملدراری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، افسوسناک واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے، کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ حکومت صوبے میں امن عامہ برقرار رکھنے کی ذمہ داری بطریق احسن نبھائے گی۔

The post کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، عثمان بزدار appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email