ایف اے ٹی ایف مسلسل پاکستان کیساتھ امتیازی سلوک کر رہا ہے، رحمان ملک

سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف مسلسل پاکستان کیساتھ امتیازی سلوک کر رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کا پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ قابل مذمت ہے ، آج ایک بار پھر ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کے ساتھ امتیازی سلوک کا ثبوت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ بہت پہلے کہہ چکا تھا کہ ایف اے ٹی ایف پاکستان کیساتھ امتیازی سلوک کر رہا ہے ، کچھ ممالک اپنے مفاد کے حصول تک پاکستان کا نام گرے لسٹ میں جاری رکھیں گے جسکی وجہ آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور ایف اے ٹی ایف کی پاکستان مخالف پالیسیاں اور ہماری بزدلی ہے۔

رحمان ملک نے کہا ہے کہ 2018 میں کہا تھا کہ ڈالر کی قیمت 180 روپے تک جائیگی ، آج کہہ رہا ہوں کہ ڈالر 190 اور 200 روپے تک جائیگی ، حکومت غریب سے نوالہ نہ چھینے ورنہ عوام اقدار و پارلیمنٹ چھین لے گی۔

سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کی یہ سیاست غریب کے ووٹ سے ہے ، غربت کا خاتمہ کیا جائے نا کہ غریب کا۔

  اس سے قبل سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا تھا کہ حکومت  افواج پاکستان کے ساتھ محاذ آرائی سے اجتناب کرے ، وزیر اعظم انا کو چھوڑ کر ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے مسئلے پر مسلح افواج کے ساتھ محاذ آرائی بند کریں۔

انہوں نے کہا تھا کہ جاری تصادم سے بالخصوص اداروں اور بالعموم پورے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے ، مسئلہ خوش اسلوبی سے حل کیا جاسکتا تھا مگر  حکومت حل کرنے کے قابل دکھائی نہیں دے رہی ، مزید تاخیر سے مجموعی سیاسی ماحول کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا تھا کہ پاکستان کے دیگر مسائل ایک مخصوص تقرری سے بڑے ہیں ، داعش اور ٹی ٹی پی پہلے ہی ہمارے دروازوں پر دستک دے رہے ہیں ، چھوٹے مسائل میں الجھا کر مسلح افواج کی توجہ سیکورٹی حالات سے ہٹائی جا رہی ہے۔

رحمان ملک نے کہا تھا کہ حکومت وہ راستہ نہ اپنائے جو ہماری افواج کو متنازع بنا رہا ہو ، دشمن پہلے ہی پاک فوج کا امیج خراب کرنے کے لیے کام کر رہا ہے ، سیاسی وابستگیوں سے قطع نظر ہمیں موجودہ بحرانوں پر قابو پانے کے لیے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج کو کمزور کرنے کے مغرب ، اسرائیل اور بھارت کے اقدام کو روکنے کی ضرورت ہے ، حکومت کو معیشت کو بہتر بنانے کے لیے کوشش کرنی چاہیے تاکہ عام آدمی کو ریلیف دیا جائے۔

سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا تھا کہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے بجائے چھوٹے معاملات میں وقت ضائع کر رہی ہے۔

The post ایف اے ٹی ایف مسلسل پاکستان کیساتھ امتیازی سلوک کر رہا ہے، رحمان ملک appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email